Latest News

قرآن وسنت سے وابستگی ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے، جامعہ اشرف العلوم گنگوہ میں تکمیل بخاری شریف کے موقع پر شیخ طریقت مولاناقمرالزماں الہ آبادی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
قدیم مرکزی تعلیمی ادارہ جامعہ اشرف العلوم رشیدی گنگوہ میں تکمیل بخاری شریف کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بزرگ عالم دین اور شیخ طریقت حضرت مولاناشاہ قمرالزماں الہ آبادی نے صحیح بخاری شریف کا آخری درس دے کر کتاب پوری کرائی اور دورہ حدیث سے فارغ طلبہ وعلماءجامعہ کو اپنی تمام مرویات کی اجازت دی، انہوں نے اپنی اسنادمیں محدث کبیرمولاناحبیب الرحمان اعظمی، شیخ الحدیث مولانامحمدزکریاکاندھلوی اور اپنے شیخ ومرشد حضرت مولاناشاہ وصی اللہ الہ آبادی سمیت کئی بڑے محدثین کا تذکرہ بھی کیا ، آپ نے بخاری شریف کی آخری حدیث پر بہت سے اشارات پیش کرتے ہوئے امام محمدبن اسماعیل البخاری کے تقوی وطہارت پرروشنی ڈالی اور فرمایا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس اہم ارشادگرامی کو کتاب کے بالکل آخر میں لانا ہی اس کی اہمیت کیلئے وافی شافی ہے ، دریں اثنا آپ نے جامعہ کی دینی وعلمی خدمات پر قدردانی کا اظہار کرتے ہوئے تکمیل بخاری شریف کے اجلاس میں شرکت کو سعادت مندی سے تعبیر کیا ، انہوں نے ملت اسلامیہ کے مسائل ومشکلات اوران کا حل پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم لوگ قرآن وسنت سے دورہوگئے ہیں ، بددینی کا سیلاب آیا ہوا ہے ، شادی اور بیاہوں میں بھی اسلامی ہدایات کو نظرانداز کیاجارہا ہے جس کے سبب ہم ذلیل وخوار ہورہے ہیں لھٰذا قرآن وسنت سے وابستگی ہی ہماری دنیا وآخرت کو درست کرسکتی ہے۔جامعہ کے شیخ الحدیث ومدیر اور صدر جلسہ مولانامفتی خالدسیف اللہ گنگوہی نے درس بخاری شریف کے تناظر میں محدثانہ گفتگو کرتے ہوئے بخاری شریف کے ابتداوانتہا میں ربط وتعلق کو اجاگر کیا اور محدثین کے اقوال کی روشنی میں میزان عدل کے قیام اورپھر اعمال کے وزن کرنے کا بھی ذکرکیا آپ نے روایت کے پس منظر میں حسن نیت اور حسن عمل کو قرب الٰہی کا سرچشمہ قراردیا۔قبل ازیں پروگرام کا آغاز قاری مشکوراحمدرشیدی کی تلاوت اور محمدنعمان کی نعت پاک سے ہوا ، نظامت مفتی محمداحسان رشیدی اور مولانامحمدصابر قاسمی نے مشترکہ طور پر کی ۔ اس دوران دارالعلوم دیوبند کے مفتی مولانامحمدزین الاسلام قاسمی الہ آبادی، مولانامحمدیامین قاسمی اور مولانامحمدسلمان گنگوہی نے بھی خطاب کیا، جامعہ کے طلبہ محمدحسین کنڈوی ، محمداویس لکھنوتی، محمدبابربن شکیل گنگوہی حمادگنگوہی طلحہ گنگوہی حماددیوبندی ضیاءالرحمان جلال آبادی اور محمداسماعیل گنٹوری نے تعلیمی پروگرام پیش کرکے دادتحسین پائی ، اس موقع پر مختلف شعبوں سے تقریبا ًتین سوطلبہ نے فراغت حاصل کی ، جن میں دورہ حدیث شریف کے پینسٹھ اور حفظ کی تکمیل کرنے والے بیالیس طلبہ کی دستاربندی جامعہ کے نائب مہتمم مولاناقاری عبیدالرحمان قاسمی کی نگرانی میں انجام پذیر ہوئی ، مہمان خصوصی حضرت مولاناقمرالزمان الہ آبادی کی دعا پر یہ علمی تقریب ختم ہوئی ۔اجلاس میں مولاناعبداللہ قمرالزماںالہ آبادی مولاناعبداللہ ابن القمر، مولاناجمشید احمدرشیدی، مفتی محمدعمران گنگوہی، مولانامحمدحذیفہ تھانوی ،مولانامحمدتصورقاسمی کرنال، مولانامحمداسعد قاسمی پرتاپگڈھی اور جامعہ کے مدرسین وملازمین سمیت قرب وجوار کے ہزاروں لوگ شریک رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر