Latest News

طلبہ کا ہر عمل سنت نبوی کے مطابق ہونا چاہئے:مفتی شریف قاسمی، دارالعلوم زکریا میں انجمن کے سالانہ پروگرام میں طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
اسٹیٹ ہائیوے پر واقع ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند کے طلبہ کی انجمن ’اصلاح اللسان‘ کا سالانہ اختتامی پروگرام گزشتہ شب ادارہ کی دارالحدیث میں منعقد کیاگیا، جس میں طلبہ نے شاندار طریقہ سے تقاریر، نعت اور مکالموں کے ذریعہ اپنی فنی صلاحیتوں کامظاہرہ کیا، اس موقع پر نمایاں مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی جبکہ جملہ شریک طلبہ کو عمومی انعامات سے نوازا۔
ادارہ کے شیخ الحدیث مولانا سمیع اللہ کی سرپرستی میں منعقد پروگرام کی صدارت مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ادارہ کے ناظم تعلیمات مفتی شاہنواز قاسمی نے انجام دیئے اور انجمن کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ پروگرام آغاز ادارہ کے استاذ قاری محمد طہٰ کی تلاوت کلام اللہ اور محمد بلال ہریانہ کی نعت پاک سے ہوا۔ اس دوران ادارہ کے طلبہ نے اپنی فنی صلاحیتوں کامظاہرہ کیا اور سالانہ اختتامی تقریب میں خوبصورت پروگرام پیش کئے، طلبہ کی محنتوں اور کاوشوں کی اساتذہ اور سامعین نے خوب ستائش کی کرتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ اس دوران تقریری مقابلہ میں بالترتیب اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ محمد نادر بھاگلپوری، محمد شاداب شاملی اور محمد لقمان میرٹھی کو ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی اور مہمان خصوصی و دارالعلوم دیوبند کے استاذ مفتی محمد سلیمان قاسمی کے ہاتھوں خصوصی انعامات سے نوازاگیا۔
وہیں تقریری مقابلے اور انجمن کے جملہ پروگرام میں شامل ہونے والے تمام طلبہ کو عمومی انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر مولانا مفتی شریف خان قاسمی اپنے صدارتی کے خطاب کے دوران طلبہ کو قیمتی پندونصائح سے نوازا اور انجمن کے پروگراموں کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے اپنی فنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے پر زور دیا۔ اپنے کلیدی خطاب کے دوران طلبہ کو خصوصی نصیحت کرتے ہوئے مفتی شریف خان قاسمی نے کہا کہ موجودہ دور میں اسلام کی امن و سلامتی کی تعلیمات کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات سے حاضرین وطلبا کو روشناس کراتے ہوئے کہا کہ فضلا مدارس مذہب اسلام کی ترویج و اشاعت حکیمانہ انداز میں پیش کریں اور عوام کو دین سے جوڑنے کا کام کریں۔مولانا نے انعام حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ مدارس کی چہار دیواری میں حاصل کیا گیا علم ہی آپ کی پوری دنیا میں سرخروئی کا ذریعہ بنے گا اسلئے یہاں رہ کر ہر قسم کے لہو لعب سے اجتناب کریں اور علم نافع کے حصول کی فکرکریں۔ انہوں مدارس اسلامیہ اور دینی تعلیم کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہاکہ آپ امت کے ان خوش نصیب افراد میں سے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کے فروغ کے لئے منتخب کیا، اسلئے آپ کا ہر عمل سنت نبوی کے مطابق ہونا چاہئے۔صدر مجلس کی دعاءپر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران مفتی عطاءالرحمن قاسمی، مفتی ہارون، مولانا نعمان، مولانا طارق، مفتی صادق، قاری عمار، قاری فرخ، قاری سلمان، مفتی بابر وغیرہ سمیت جملہ طلبہ و اساتذہ موجودرہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر