Latest News

اپنے بچوں کو ترجیحی بنیاد پر دینی تعلیم دیں، مدرسہ طیب المدارس دیوبند کے سالانہ اجلاس میں مولانا حبیب اللہ مدنی ودیگر کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
محلہ فولاد پورہ میں واقع دینی ادارہ مدرسہ طیب المدارس میں سالانہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔اجلاس کا آغاز قاری محمد یوسف کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں مفتی اکرم فیاض نے نعمت پاک پیش کی۔ صدر اجلاس مولانا حبیب اللہ مدنی نے تعلیم اور مدارس کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علم دین کا حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ مولانا حبیب اللہ نے کہا کہ موجودہ دور میں علم دین سے محرومی کافی شرمناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کے موجودہ معاشرہ میں والدین کی تربیت کا انداز بھی تبدیل ہوچکا ہے اب وہ اپنے بچوں کو ترجیحی بنیاد پر مغربی تہذیب اور انگریزی زبان سے واقف کراتے ہیں اس لئے بچے اپنے بچپن ہی سے دینی تعلیم سے محرومی کے سبب اسلامی تعلیمات سے بہت دور ہوجاتے ہیں یہاں تک کہ وہ حرام وحلال میں بھی تمیز نہیں کرپاتے جس کے ذمہ دار والدین ہیں لیکن اگر والدین توجہ دیں تو بچے دینی علوم سے واقفیت کے ساتھ نیک سیرت بنیں گے اور حرام وحلال سے بھی واقف ہوں گے، اس لئے ہر مسلمان کے لئے لازم ہے کہ دنیا میں آنے کے مقصد کو سمجھے اور سب سے پہلے اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرے تاکہ وہ روزہ، نماز، وضو،غسل اور دوسرے ضروری مسائل سے واقف ہوسکیں اس لئے ہر مسلمان کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بھی لازمی طور پر دلائیں گے ۔مفتی راشد اللہ بجنوری نے عظمت صحابہ پر روشنی ڈالی اور مولانا مفتی محمد جنید آزاد قاسمی رکن مسلم پرنسپل لاءبورڈ نے قرآن کریم پر اجمالی روشنی ڈالی۔ اخیر میں ادارہ کے مہتمم مولانا محمد اخلاق قاسمی اور نائب مہتمم مولانا عبد الشکور قاسمی نے اجلاس میں شریک تمام مہمانان کرام کا شکریہ اداکیا۔اجلاس کی نظامت کے فرائض مفتی صدام حسین نے انجام دئیے۔مولانا مفتی محمد جنید قاسمی کی دعاءپر اجلاس کا اختتام ہوا۔
اس موقع پر مولانا ابراہیم گنگوہی، قاری محمد نعمان، قاری افتخار الحسن دہلی، مولانا امجد میواتی، قاری عبد الباسط، مولانا عبد الماجد مغیثی، قاری محمد فاروق، قاری محمد شاہ ویز، محمد جاوید، محمد طاھر حسن اور آس محمد وغیرہ شریک اجلاس رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر