Latest News

کامیابی کی اصل کلید اخلاص نیت ہے: مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی، جامعہ امام محمد انور شاہ میں شب برات کے موقع پر تکمیل بخاری شریف و دستارِ بندی کا انعقاد۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عظیم دینی درس گاہ جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند میں حسب سابق شب برات کے موقع پر تکمیل بخاری شریف و دستارِ بندی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر اور بیرون شہر کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جامعہ کے شیخ الحدیث جانشینِ فخرالمحدثین مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے دورہ حدیث کے تمام طلبہ کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دے کر کتاب کی تکمیل کی اور اجازت حدیث مرحمت فرمائی۔ انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ یہ ان کی خوش نصیبی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس سعادت سے ان کو بہرہ ور کیا ہے اور اس مبارک رات میں اس کی تکمیل کی توفیق بخشی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی کی اصل کلید اخلاص نیت ہے، عبادت کی اصل روح بھی یہی نیت کی پاکیزگی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بنی نوع انسان کے ہاتھوں بے شمار کتابیں لکھی جاچکی ہیں اور لکھی جارہی ہیں مگر حضرت امام بخاریؒ کی کتاب کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے مقبولیت کی معراج عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک آفاقی مذہب ہے، جس کے تمام احکامات علم سے تعبیر ہیں۔ اما م العصر حضرت علامہ کشمیریؒ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ فرماتے تھے کہ مذہب اسلام موجودہ سائنس کے زیادہ قریب ہے۔ طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کے کردار، گفتار، اخلاق و معاملات مےں کہیں کمزوری نہ ہو جس علم کو آپ نے ےہاں سے حاصل کےا ہے اپنے تمام معاملات کو اسی علم کے سانچے مےںڈھالےں۔ اب آ پ کے تجربات کا دور شروع ہورہا ہے اس لئے اپنا موقف اورنصب العین طے کرےں ۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں آپ کو ایک مثالی کردار پیش کرنا چاہئے۔ طلبہ کو چاہئے کہ وہ اپنی زندگی کو مکمل دینی سانچہ میں ڈھالےں۔ مولانا نے مسلمانوں سے اپنے اخلاق کو درست کرنے کی تلقین کی۔ مولانا سید احمد خضر شاہ نے عالمی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تمام مسلم ممالک اسلام سے اپنی وابستگی کمزور تر کر چکے ہیں۔ ہم سب کو حالات سے عبرت حاصل کرتے ہوئے اللہ اور اس کے رسول ﷺکی خوشنودی کے لئے تمام نیک کام کرنے چاہئیں۔ اخیر میں شاہ صاحب نے ملک کی ترقی اور امن وامان کے لئے رقت آمیز اجتماعی دعا کرائی۔فارغ ہونے والے تمام طلبہ کو علمائے کرام کے ہاتھوں دستارِ فضیلت سے بھی نوازا گیا۔ درسِ بخاری سے قبل شبِ برات کی اہمیت و فضیلت پر اساتذہ جامعہ کے گراں قدر بیانات بھی ہوئے۔ لندن سے تشریف لائے ہوئے مہمانِ مکرم مولانا محمد علی منگیرا اور مفتی نثار خالد دیناجپوری نے بھی خطاب کیا۔ جامعہ کے صدر المدرسین مفتی وصی احمد قاسمی نے بتایاکہ آج کی مجلس میں تیرہ افراد کا نکاح بھی پڑھایا گیا۔ نظامت اور نکاح کے فرائض مولانا سید فضیل احمد ناصری نے بحسن و خوبی انجام دیئے۔آخر میں پروگرام کے نگراں مولانا طلحہ اعظمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مولانا صغیر پرتاپ گڑھی، مولانا مفتی نوید، مفتی محمد سعید پالن پوری، مولانا بدر الاسلام، مولانا عثمان غنی، مولانا عمر اعجاز، قاری بلال احمد، مولانا شبیر احمد، مولانا ذکی انجم صدیقی، مولانا ثاقب،مولانا سید حمدان شاہ،رضوان سلمانی،عارف عثمانی، سلیم عثمانی، نجم عثمانی، انصار مسعودی، محمد عابدخاں، مولانا لقمان مظفر نگری، مفتی منور وغےرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر