اسٹیٹ ہائی وے پر دردناک سڑک حادثے میں میاں بیوی کی موت ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے دونوںکی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا، حادثے کے بعد اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔موصولہ تفصیل کے مطابق ضلع مظفرنگر کے قصبہ بڈھانہ کے باشندہ منوج سنگھل (50) ولد گھنشیام داس ہفتہ کی دیر رات اپنی بیوی انجو سنگھل (45) کے ساتھ اپنی ایکس یو وی سے دہرادون میں اپنے بھائی کے سسرال جا رہا تھا۔ جب وہ سہارنپور-مظفر نگر اسٹیٹ ہائی وے پر واقع گاوں ساکھن خورد کے قریب پہنچا تو اس دوران ٹائر پھٹنے سے ان کی گاڑی بے قابو اور سڑک کے درمیان ڈیوائیڈر توڑ کر دوسری سمت سے آرہے تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ گاڑی کے پرکھچے اڑ گئے۔ اس حادثے میں منوج سنگھل اور ان کی بیوی انجو سنگھل کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوتوالی پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں لاشوں کو تحویل میں لے کر سرکاری اسپتال پہنچایا اور ان کا پنچنامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی منوج سنگھل پیشے سے ٹرانسپورٹر تھے اور وہ بڈھانہ نگر پنچایت کے سابق ممبر بھی رہ چکے ہیں۔دوسری جانب حادثے کی اطلاع ملتے ہی متوفی کے لواحقین سرکاری اسپتال پہنچ گئے۔ ہسپتال میں متوفی کے لواحقین کا رو رو کر برا حال تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے، تحریر ملنے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ منوج سنگھل کی موت کی خبر سے جہاں ان کے سسرال دیوبند میں غم کا ماحول ہے وہیں ان کے آبائی قصبہ بڈھانہ میں بھی غم کی لہر دوڑ گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی شہر کے سرکاری اسپتال میں لوگوں کی بڑی بھیڑ جمع ہوگئی۔ دیوبند کے معززین نے بھی سرکاری اسپتال پہنچ کر اہل خانہ سے اظہار غم کیا۔ اتوار کو بڈھانہ میں دنوں میاں بیوں کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔
0 Comments