یوپی بورڈ کے ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کی کامیابی پر طالبات کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے۔ جامعہ اسلامیہ للبنات کی طالبات نے ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کے امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ادارہ کے ساتھ اپنا اور والدین کا نام روشن کیا ہے۔ ادارہ کے بانی مولانا سید اسجد مدنی نے طالبات کے رزلٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ کی طالبات کے ساتھ جو محنت کی گئی ہے وہ رنگ لائی اور رزلٹ میں یہ بات واضح ہوگئی کہ اگر طالبات کے ساتھ محنت کی جائے تو وہ محنت کامیابی تک ہمکنار کرسکتی ہے۔ ادارہ کی طالبات نے ہائی اسکول اور انٹر میں پوزیشن لاکر ادارہ کا نام روشن کیاہے۔۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 22 طالبات نے امتحان میں شرکت کرتے ہوئے 90 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کئے اور فرسٹ پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح اگر سبجیکٹ پر نظر ڈالی جائے تو سائنس ، میتھ، ہوم سائنس، انگلش اور ایس ایس ٹی میں 97فیصد تک نمبرات حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر کے امتحان میں 13طالبات نے فرسٹ پوزیشن حاصل کی ہے۔ فزکس ، کیمسٹری اور انگلش میں 84 فیصد تک نمبرات حاصل کئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا مقصد دینی ماحول میں طالبات کو عصری علوم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے اور اس مقصد میں ہم کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ کی ترقی کی بنیاد تعلیم ہے ، جب تک تعلیم نسواں پر توجہ نہیں دی جائے گی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ مولانا اسجد مدنی نے کہا کہ نسل نو کو دینی ماحول میں پرورش دی جائے تو اس کے معاشرہ میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارہ کی طالبہ سلامہ، بریرہ، کریمہ، شکیبہ، صوفیہ، اریبہ، جیا سندس، سمیہ، صدف، حذیفہ، زینب، صحیفہ ناز، مصباح، زویا، مریم، ادیبہ، عائشہ، فائزہ، حمیرہ، طوبیٰ ، ثنا، مبشرہ نے ہائی اسکول میں اور سعدیہ، علمہ، تسمیہ، صدف ثانیہ، اریبہ یاسمین، فضالہ مدنی، آرا، مدیحہ خان، مہک، نسترن، سمیہ، عافیہ اور صدف نے انٹر میڈیٹ میں پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ طالبات کو اپنا مقصد حیات طے کرکے آگے بڑھانے میں ان کی مدد کرنی چاہئے، اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے طالبات کے اندر اعتماد پیدا کرکے مصمم ارادہ کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع دیں۔ اس موقع پر مولانا افضل، ظفر عثمانی وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments