مرکزی جامع مسجد دیوبند کے متولی اور ھمارے بہت ھی محب ، کرم فرما اور غایت درجہ شفقت کا مظاھرہ کرنے والی شخصیت جناب حاجی انور عثمانی صاحب رحمہ اللہ (عرف پھول میاں رح) کے حادثہ وفات کی خبر سے طبیعت بہت مغموم ھے ، باری تعالٰی مرحوم کی مغفرت فرمائیں اور جنت الفردوس میں اعلی مقام سے نوازیں ۔
اپنے والد محترم جناب حاجی مستحسن صاحب عثمانی علیہ الرحمہ کی وفات کے بعد سے جامع مسجد سے متعلقہ امور کی نگرانی اور خانہ خدا کی خدمت کی جو سعادت انہیں میسر آئی آخری سانس تک بحسن و خوبی اسے نبھاتے ھوئے مالک ارض و سماء کے حضور حاضر ھوگئے ، انا للہ وانا الیہ راجعون ۔
پچھلی تقریبا دو دہائیوں سے بندہ جامع مسجد دیوبند سے وابستہ ھے اور مرحوم متولی صاحب کی شفقتوں، عنایتوں، دعاؤں اور محبتوں کا اسیر رھا ھے، ابھی تو رمضان المبارک کی یادیں بالکل تازہ ھیں، ضعف و علالت اور پیرانہ سالی کے باوجود ھمت کرکے روزانہ مسجد میں آنا، تراویح و بیان میں شرکت کرنا اور چلتے وقت ڈھیر ساری دعاؤں سے نوازنا کہاں بھلایا جاسکتا ھے ؟ کیا معلوم تھا کہ ختم قرآن پاک کے موقعہ پر مسجد کے صحن میں ان سے ھونے والی ملاقات آخری ثابت ھوگی ، 24 اپریل کو عمرے کے سفر پر روانہ ھوتے وقت ٹیلیفون پر ان سے آخری مرتبہ بات ھوئی جس میں مرحوم بار بار یہی کہتے رھے کہ روضہ پاک پر سلام پیش کردیں ، دعاء کریں اللہ پاک چلتے ھاتھ پیر اٹھائیں اور خاتمہ بالخیر سے نوازیں۔
باری تعالٰی نے ان کی دلی مراد پوری فرمائی ، رمضان کی بابرکت ساعتوں کو قدر دانی کے ساتھ گزارنے کی توفیق بخشی ، دو دن پہلے چھوٹے صاحبزادے کے نکاح اور دعوت ولیمہ وغیرہ سے فارغ ھوئے اور آج نماز عشاء سے قبل اچانک حرکت قلب بند ھوجانے کے باعث اس طرح راھی ملک عدم ھوئے کہ ایک وقت کی نماز بھی نہ قضاء ھوئی اور نہ کسی سے کوئی خدمت لی۔
مرحوم متولی صاحب شہر دیوبند کے معزز عثمانی خانوادے سے تعلق رکھتے تھے، وہ بزرگوں کے فیض یافتہ، خاندانی روایات کے امین، سادہ طبیعت کے مالک ، وضعدار ، ملنسار اور مسجد کے سچے خدمتگار تھے، ان سے گفتگو کرتے وقت کسی نہ کسی زاویے سے جامع مسجد کا تذکرہ آہی جاتا تھا ، ان کی زبان سے بارہا یہ جملہ سننے کو ملا "ھمیں جو کچھ بھی ملا وہ اسی در کی خدمت کی برکت سے ملا ھے"۔
مرحوم کی نماز جنازہ میں عدم شرکت کا قلق تو ضرور ھے لیکن دوسری طرف یہ احساس بھی ھے کہ حرم نبوی میں متولی صاحب کے لئے دعاء مغفرت کی توفیق میسر ھورھی ھے ، باری تعالٰی مرحوم کو اپنے قرب خاص سے نوازیں ، درجات کو بلند فرمائیں ، جنت الفردوس میں اعلی مقام نصیب فرمائیں اور سیئات کو حسنات سے مبدل فرمائیں۔
اس موقعہ پر ھم متولی صاحب کے صاحبزادگان، برادران، جملہ اھل خانہ، پسماندگان و اعزاء کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ھیں اور دعا گو ھیں باری تعالیٰ سب کو صبر جمیل سے نوازیں اور شریعت و سنت پر ثابت قدم رکھیں۔
از : محمد عفان منصورپوری۔
نزیل : مدینہ منورہ زادھا اللہ شرفا و عظمة۔
9 / شوال المکرم 1444ھ۔
29 / اپریل 2023ء۔
0 Comments