Latest News

دارالعلوم دیوبند کی مساجد میں ۲۹ویں شب نمازِ تراویح میں قرآن کریم کی تکمیل، ہزاروں فرزندانِ توحید کی شرکت، مولانا سید ارشد مدنی، مولانا محمود مدنی اور مفتی سید عفان منصورپوری نے کرائی رقت آمیز دعاء۔

دیوبند: رمضان المبارک کی 29ویں شب کو دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید، چھتہ مسجد اور مرکز ی جامع مسجد میں شہر کے ساتھ ساتھ دیہات اور دور دراز کے علاقوں سے ہزاروں لوگوں نے ہاتھ اٹھا کر دعا کی۔ اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں سے معافی مانگی اور ملک و دنیا میں امن کے لیے دعا کی۔ اس دوران علمائے کرام نے لوگوں کو صراط مستقیم پر چلنے، اسلام کے مطابق زندگی گزارنے اور رمضان کے بقیہ وقت کی قدر کرنے کا مشورہ دیا۔
بتادیں کہ دارالعلوم دیوبند کی مساجد میں 29ویں شب کو قرآن پاک کی تکمیل ہوتی ہے اور بڑی تعداد میں لوگ یہاں دور دور سے دعاء میں شامل ہونے کے لیے آتے ہیں۔ جمعرات کو دوپہر سے ہی عقیدت مند نماز کے لیے پہنچنا شروع ہو گئے تھے اور زبردست بھیڑ کی وجہ سے دارالعلوم کے اطراف کی سڑکیں گھنٹوں جام رہی۔ اسی دوران نماز کے بعد بازاروں میں رونق رہی اور لوگوں نے عید کی شاپنگ کی۔
جمعرات کی رات جمعیۃ علماء ہند کے سربراہ مولانا سید ارشد مدنی نے مسجد چھتہ میں دعاء کرائی اور لوگوں کو حالات سے واقف کراتے ہوئے لوگوں کو سیدھے راستے پر چلنے کی تلقین کی اور اللہ سے اپنا تعلق مضبوط کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بقیہ وقت کو غنیمت جانیں اور سال بھر رمضان کی طرح اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ مفتی علی مدنی نے چھتہ مسجد میں نمازِ تراویح میں قرآن پاک کی تکمیل کی۔
دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید، جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر اور سابق ایم پی مولانا محمود مدنی کے فرزند مولانا حسین مدنی نے نماز تراویح میں قرآن پاک کی تکمیل کی۔ اس دوران مولانا محمود مدنی نے ملک اور پوری دنیا میں امن و امان کے لیے دعا کی، ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اسلام کے امن کے پیغام کو لوگوں تک پہنچائیں تاکہ امن، بھائی چارے اور اتحاد کو مضبوط بنایا جا سکے۔ 
مرکز ی جامع مسجد میں مولانا مفتی سید عفان منصورپوری نے نماز تراویح میں ختم قرآن پاک کے بعد دعاء کرائی جس میں شہر کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران مفتی عفان منصورپوری نے رمضان اور قرآن پاک کی اہمیت پر بیان کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ برائیوں کو چھوڑ کر نیکی کے راستے پر چلیں اور قرآن کے مطابق اپنی زندگی بسر کریں۔ دارالعلوم دیوبند کی مسجد قدیم میں مولانا ازہد مدنی نے قرآن کریم مکمل کیا۔
نماز میں شرکت کے لیے آنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شہر کے بازاروں میں نماز سے پہلے اور بعد میں عید کی خریداری کی جس کے باعث رات گئے تک بازاروں میں رونق رہی۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر