دیوبند: سمیر چودھری۔
اتوار کے روز پورے ملک میں وزیر اعظم نریندر مودی کی’من کی بات‘ کے 100ویں ایپی سوڈ کو بڑی اسکرین لگاسناگیا اور وزیر اعظم کی من کی بات کی ستائش کی گئی۔ دیوبند میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقلیتی سیل کے ضلع جنرل سکریٹری احسان راو کی جانب سے عیدگاہ روڈ پر واقع اندرا پاک میں ایک پروگرام کا انعقاد کیاگیا، جس میں مہمان خصوصی کے طورپر بی جے پی لیڈر مولانا صہیب قاسمی سمیت مسلم تنظیموں کے نمائندوں اور کارکنان نے شرکت کی۔ جنہوں نے بڑی اسکرین پر وزیر اعظم نریندر مودی کی من کی بات کو بغور سنا اور کہاکہ وزیر اعظم سب کاساتھ اور سب کا وکاس کے ایجنڈے کے تحت کام کررہے ہیں۔
اس دوران مولانا صہیب قاسمی نے کہاکہ وزیر اعظم سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کے وشواس کے تحت کام کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ من کی بات وزیر اعظم کی عوام سے راست گفتگو ہے جس کے ذریعہ انہوں نے ملک کو جوڑنے اور متحد کرنے کاکام کیاہے۔ایک سوال کے جواب میں مولانا صہیب قاسمی نے کہاکہ مسلم سماج کو بی جے پی کا خوف دکھانے والے لوگ اب لوک سبھا،راجیہ سبھا اور اسمبلیوں سے باہر جاچکے ہیں اور مسلم قوم کے اندر بھی اب کافی بیداری آئی ہے، یہی وجہ ہے کہ بی جے پی اب مسلمانوں بھی مقبولیت حاصل کررہی ہے۔
پروگرام کنوینر اور بی جے پی اقلیتی سیل کے ضلع سہارنپور کے جنرل سکریٹری احسان راو نے بتایا کہ وزیر اعظم کے من کی بات کے 100ویں ایپی سوڈ کو بوتھ نمبر 262 پرواقع عیدگاہ روڈ اندرا پارک میں لوگوں نے بڑی اسکرین کے ذریعہ سنا اور وزیر اعظم کی قیمتی باتوں سے استفادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی نے ملک کو مضبوط کیا ہے اور بلاتفریق مسلم سماج کے مفاد میں کاکام کیاہے۔ اس دوران مولانا عبداللطیف قاسمی، انورانجینئر، قاری عامر عثمانی، قاری جلیل چشتی اور نسیم راجو سمیت دیگر کارکنان موجودرہے۔ اس کے علاوہ بھی شہر میں متعدد مقامات پر بی جے پی کارکنا ن نے بڑی اسکرین کے ذریعہ پی ایم مودی کی ’من کی بات‘ کے 100 ویں ایپی سوڈ کو سنا۔
0 Comments