Latest News

مولانا سید رابع حسنی ندوی کی وفات کا سانچہ ملت اسلامیہ ہندیہ کے لئے ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے لئے انتہائی افسوسناک ہے: ڈاکٹر عبید اقبال عاصم۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عالم اسلام کی عظیم شخصیت اور مسلم پرسنل لاءبورڈ کے قومی صدر مولانا سید رابع حسنی ندوی کے انتقال پر یہاں تاہنوزتعزیتی نشستوں اور قرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ دارالعلوم دیوبند اور دارالعلوم وقف دیوبند کی جانب سے حضرت مرحوم کے پسماندگان کے لئے تعزیتی نامے ارسال کرکے مرحوم کے انتقال کے ملت اسلامیہ ہند کا عظیم خسارہ قرا ردیا۔
دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانامحمد سفیان قاسمی اپنے تعزیت نامہ میں کہاکہ ایسے عالم ربانی کا دنیا سے اٹھ جانا جس کو ملت اسلامیہ میں ایک مربی ،ایک بزرگ اور سرپرست کی حیثیت حاصل ہو، ان کا سانحہ وفات کسی ایک خاندان یا کسی ایک ادارہ کے لئے بلکہ عالم اسلام عظیم حادثہ ہے، اس خبر سے شدید صدمہ ہواہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کی جملہ خدمات کو شرف قبولیت فرماکر اعلیٰ علین میں جگہ عطا فرمائے۔ مرحوم میرے والد محترم حضرت مولانامحمد سالم کے سال ہفتم کے ساتھی بھی تھے، جب بھی ملاقات ہوتی بہت محبت اورشفقت کا معاملہ فرماتے تھے، اللہ تعالی جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔

یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے مولانا مرحوم کے انتقال پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس پر آشوب دور میں مولانا نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ذریعے مسلمانان ہند کی بے لوث انداز سے جو خدمات انجام دیں ان کے حوالے سے مولانا ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ مولانا اس باوقار ادارے سے بحیثیت صدر بیس سال سے زائد عرصہ تک وابستہ رہے اس درمیان پرسنل لا بورڈ کو بہت سی آزمائشوں سے گذرنا پڑا جس میں انہوں نے وقار ومتانت کے ساتھ ملت کی ترجمانی کی۔مو لانا شریف النفس نیک طبیعت شخصیت کے حامل ہونے کے ساتھ عربی زبان وادب کے ایک عظیم اسکالر کی حیثیت سے بھی عرب و عجم میں جانے جاتے تھے ان کی وفات کا غم کسی ایک شخص خاندان ادارہ یا کسی ایک مقام تک محدود نہیں ھے بلکہ ملت کا ہر با شعور فرد اس غم کو محسوس کر رہا ہے اور دعاگو ہیکہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے مولانا مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل نیز ملت اسلامیہ ہندیہ کو نعم البدل عطافرمائے آمین۔فتویٰ آن لائن کے چیئرمین مفتی ارشد فاروقی نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و الم کااظہار کیا۔ادھرحضرت اقدس مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کے سانحہ وفات پر جامعہ ضیاءالعلوم خانقاہ پٹھیڑ چلکانہ ضلع سہارنپور میں حضرت اقدس الحاج الشاہ صوفی معین الدین کی سرپرستی میں ایصال ثواب کی مجلس منعقد کی گئی،اس موقع پر الحاج الشاہ صوفی معین الدین نے مرحوم مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کے اوصاف و کمالات کو بیان فرمایا اور ایصال ثواب کیا۔ حضرت کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے پرسوز انداز میں دعاءکرائی۔ مجلس میں حاجی شجاع الدین ، مولانا محمد صادق مظاہری، قاری عبد الستار، محمد افضال دمجھیڑہ، قاری شہزاد ، حافظ محمد عمر عزیز ،محمد اور احمد سمیت دیگر لوگ شریک رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر