Latest News

قرآن کریم دلوں کا زنگ دور کرکے شفا ف بناتا ہے، نماز تراویح میں تکمیل قرآن کریم کے موقع پر مولانا توقیر احمد قاسمی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
گزشتہ شب روز مضان المبارک کی بائیس ویں شب میں محلہ شاہ رمزالدین میں شوکت علی اور محمد جہانگیر عالم کی رہائش گاہ پر قاری عبدالمنان قاسمی نے نماز تروایح میں قرآن کریم مکمل کیا، جب کہ سماعت کے فرائض محمد صادق سہارنپوری نے انجام دیئے۔ اس دوران ختم کلام اللہ کی مناسبت سے ایک دعائیہ مجلس منعقد ہوئی ، اس مجلس سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے شعبہ انگریزی زبان وادب کے استاذ و نگراں مولانا توقیر احمد قاسمی کاندھلوی نے قرآن کریم مکمل کرنے والے قاری صاحب اور تراویح میں شریک ہونے والے لوگوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے قرآن کریم کے منبع رشد و ہدایت کے موضوع پر بیان کیا۔مولانا توقیر قاسمی نے اپنی قیمتی خطاب کے دوران کہاکہ قرآن کا مقصد انسانیت کے عقائد و اعمال اور اخلاق کی تطہیر کر کے رب کے پسندیدہ بندے بنا کر اس کے اصلی مقام جنت اور رضائے الٰہی کی شاہراہ پر گامزن کرانا ہے تاکہ انسانیت اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر لے جو اس کی شامتِ اعمال کی بناءاس کے ہاتھوں سے جاتا رہا ہے۔یہ قرآن مجید اتنی عظمتوں اور رفعتوں کا حامل ہے کہ اگر ایمان کے جذبے کے ساتھ محض اس کی تلاوت کر لی جائے تو وہ بھی مومن کے لئے انتہائی اجر و ثواب کا باعث ہے۔ چنانچہ اللہ کے آخری محبوب پیغمبرﷺ کا ارشادگرامی ہے: جس نے قرآن مجید کا ایک حرف پڑھا، اسے نیکی ملے گی اور ایک نیکی کا ثواب دس نیکیوں کے برابر ہے۔ اَلٰم ایک حرف نہیں ہے، بلکہ الف ایک حرف ہے لام ایک حرف ہے اورم ایک حرف ہے۔ قرآن مجید سے تعلق استوار اور مضبوط سے مضبوط تر رکھنا مومن کا شعار ہے۔ یہ نازل ہی اس لئے ہوا ہے کہ ہم اپنا تزکیہ کر لیں اور اپنے مربی و آقا‘ پالنہار اللہ رب العالمین کے پسندیدہ بندے بن جائیں اوریہ قرآن معمولی چیز نہیں کہ ہم اسے محض ایک کتاب نہ سمجھیں ،بلکہ اس میں ہمارے لئے دنیا و آخرت کی کامرانیوں کا مکمل لائحہ عمل موجود ہے۔ اس کے علاوہ قرآن دلوں کا زنگ دور کرکے صاف شفا ف بناتا ہے۔حضرت مولانا توقیر قاسمی کی دعاءپر اس روحانی مجلس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر مولانا قمرالزماں قاسمی، محمد عالم اور محمد سفیان کے علاوہ کافی لوگوں شریک ہوئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر