Latest News

قران کریم سننا اور سنانا بارگاہِ الٰہی میں افضل ترین عمل ہے، مسجد نور محمدیہ میں نماز تراویح میں تکمیل قرآن کریم کے موقع پر مفتی سید عفان منصورپوری کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
جیسے جیسے ماہِ رمضان اپنے آخری لمحوں میں داخل ہورہاہے ویسے ہی نماز تراویح میں قرآن کریم کی تکمیل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ رات 24 ویں شب میں محلہ خانقاہ علامہ انور شاہ کالونی میں واقع مسجد نور محمدیہ میں سید شاد میاں کے بیٹے حافظ خبیب احمد نے نماز تراویح میں قرآن کریم مکمل کیاہے، اس موقع پر نامور عالم دین مولانا مفتی سید عفان منصورپوری نے رقت آمیز دعاءکرائی۔اس موقع پر مفتی سیدعفان منصورپوری نے اپنے مختصر خطاب کے دوران فرمایا کہ قران کریم سننا اور سنانا بارگاہ الٰہی میں افضل ترین عمل ہے ۔ انہوں نے قرآن کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک اللہ کا کلام ہے ،قرآن مجید دنیا کی وہ واحد کتاب ہے جو آج بھی اپنی اصلی شکل میں موجود ہے اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تبارک و تعالیٰ نے لی ہے، قرآن کریم ہدایت کی کتاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ قرآن کریم خود بھی پڑھیں اور اپنے بچوں کو بھی اس کی تعلیم دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک متقیوں کے لئے کتابِ ہدایت ہے ،قرآن علوم و فنون کا مجموعہ ہے، منبع علم و رشد ہے، خیر کا سر چشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے جب سے قرآن پر عمل کرنا چھوڑاہے تو ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں،اسلئے آج ہی عہد کریں اور قرآن احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو موجودہ حالات کے پیشِ نظر اللہ کی طرف رجوع ہوکر اسکی رضا حاصل کرنی چاہئے۔ اس دوران انہوںنے حافظ خبیب اور اس کے والدین کے ساتھ ساتھ مسجد کے متولی مفتی محمد نعمان قاسمی کو مبارکباد پیش کی۔ اس دوران حاجی وسیم، قاری ممتازاحمد، مولانا اصغر، سید شاد میاں، مفتی غیاث الدین، ندیم احمد وغیرہ سمیت کافی تعداد میں بستی کے لوگ موجودرہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر