پریس ایسوسی ایشن دیوبند کے زیر اہتمام گزشتہ شب ہندی یوم صحافت کے موقع پر ریلوے روڈ پر واقع دون ویلی پبلک اسکول میں ایک اعزازی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں ، پولیس افسران اور دانشوران کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کہا کہ صحافت ایک ذمہ دارانہ پیشہ ہے اور اس میں بہت سی پریشانیاں ہیں، مگر پھر بھی صحافی اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے پر ادا کرتا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ صحافت ایک سوچ اور مکتبہ ¿ فکر کا نام ہے۔ سینئر صحافی اشرف عثمانی نے کہا کہ صحافی کو مثبت رویوں کا حامل ہونا چاہئے، اندھیروں میں روشنی کی کرن تلاش کرنا صحافت کا شیوہ ہے۔ جو لوگ گرتی ہوئی صحافت کے معیار سے مایوس ہیں انہیں مایوس نہیں ہونا چاہئے بلکہ حکمت اور دانائی کے ساتھ صحافت کی ساکھ کو بچانے کی جدوجہد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کی ذمہ داری ہے کہ سماج کے بکھرے ہوئے تانے بانے کو مثبت انداز میں جوڑیں اور صحت مند معاشرہ کی تشکیل کے لئے جدوجہد کریں۔ سی او رام کرن سنگھ نے کہا کہ صحافتی میدان میں دانشوران اور سماج کے لئے کچھ کر گزرنے کا جذبہ رکھنے والے لوگ آتے ہیں جو اپنی منصفانہ صحافت کے ذریعہ سے سماج کو ایک نئی راہ دکھانے کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سچا صحافی وہی ہوتا ہے جو سماج کے اندر اچھائی پھیلاتا ہے۔ تھانہ انچارج ایچ این سنگھ اور سینئر صحافی اشوک گپتا نے اپنے خطاب میں کہا کہ جہاں صحافی کو صحافت کی بلندی کو بنائے رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کے لئے بھی مواقع تلاش کرنے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو چاہئے کہ عوام سے جڑے مسائل کو اہمیت کے ساتھ اٹھانے کا کام کریں۔
نومنتخب نگر پالیکا چیئرمین وپن گرگ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں سچی صحافت کرنا ایک مشکل کام ہوگیا ہے، مگر اس کے باوجود بھی آج بھی لوگ سچی صحافت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیوبند کے صحافیوں کو میں مبارک باد دیتا ہوں کہ وہ خبروں میں اعتدال کرتے ہیں اور کوئی ایسی خبر شائع نہیں کرتے جس سے ماحول خراب ہو اور یہی سچی صحافت ہوتی ہے۔
پروگرام کی صدارت صدر منوج سنگھل نے کی جبکہ نظامت صحافی آباد علی نے کی۔ آخر میں پروگرام کے کنوینر معین صدیقی، فہیم عثمانی، آباد علی اور منوج سنگھل نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سینئر انسپکٹر سراج الدین، ڈاکٹر ڈی کے جین، راج کشور گپتا، ارون اگروال، ڈاکٹر پردیپ، پنڈت ستیندر شرما، سید وجاہت شاہ وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اطہر عثمانی، رضوان سلمانی، مشرف عثمانی، دیپک شرما، فہیم اختر صدیقی، توصیف قریشی، ماسٹر ممتاز، سمیر چودھری، عارف عثمانی، فیروز خان، اکھلیندر گاندھی، متین خان، ڈاکٹر شبلی اقبال، پنٹو شرما، تسلیم قریشی، شبھم جین، ریاض احمد راج کمار جاٹو، ایم افسر، نجم عثمانی، انصار مسعودی، مہتاب آزاد، طاہر حسن شبلی، نتن گرگ سمیت شہر کے سرکردہ افراد شریک رہے۔
0 Comments