Latest News

یوپی میں بلدیاتی الیکشن کے ووٹوں کی گنتی آج، دیوبند میں سخت سیکوریٹی انتظامات کے درمیان ہوگی رائے شماری۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
آج 13مئی کو عوام کے ذریعہ لگائی گئی مہر سے نگر پالیکا انتخاب امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونے والا ہے تو وہیں پولیس انتظامیہ نے بھی نگر پالیکا انتخاب کی رائے شماری کو پرامن طریقہ سے ختم کرانے کے لئے پوری تیاری کرلی ہے۔ 
یو پی میں نگر پالیکا انتخاب میں میئر ، چیئرمین اور کونسلر سے لے کر نگر پالیکا ممبران تک کس کے سر پر سجے گا تاج یہ آج متعین ہوجائے گا۔ 
سہارنپور ضلع میں گزشتہ 4مئی کو پہلے مرحلہ میں ہی ووٹنگ ہوچکی ہے ، انتخاب کے بعد سے ہی امیدوار اپنے اپنے طریقہ سے حساب وکتاب میں لگے ہوئے ہیں، انتخابی نتائج کو لے کر امیدوار ہی نہیں بلکہ ووٹروں کو بھی 13مئی کا بے صبری سے انتظار ہے۔ دیوبند اسٹیٹ ہائی وے پر واقع گورنمنٹ گرلز انٹر کالج آج زبردست سیکوریٹی کے انتظامات کے درمیان صبح آٹھ بجے رائے شماری شروع ہوگی۔ 25 میں سے 22 نگر پالیکا ممبران اور 24 چیئرمین عہدے کے امیدواروں کے لئے انتظامیہ نے رائے شماری کے لئے پوری تیاری کرلی ہے اور جس کے لئے الگ الگ کمروں میں 14ٹیبل لگائے جانے کا نظم کیا گیا ہے جس میں سے 7ٹیبل نگرپالیکا ممبران اور 7 ٹیبل پر چیئرمین عہدے کے امیدواروں کی رائے شماری کی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں تحصیل دار تپن کمار مشرا نے بتایا کہ جہاں پر ممبران کے لئے ایک ٹیبل پر ایک وارڈ کھولا جائے گا وہیں انہیں پیٹیوں میں سے نکلنے والے چیئرمین عہدے کے ووٹروں کو اسی کمرے کی دوسری ٹیبل پر گنا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین عہدے کے لئے 7راﺅنڈ میں گنتی پوری ہونے کے انتظامات ہیں۔ 
رائے شماری کو لے کر پولیس اور پیرا ملٹری فورس رائے شماری کے مقام پر ہیں بلکہ باہر بھی تعینات کی جارہی ہے ۔ تھانہ انچارج ایچ این سنگھ نے بتایا کہ رائے شماری کے مقام کے باہر بھیڑ جمع نہیں ہونے دی جائے گی ، جیسے جیسے نتیجے آتے رہیں گے امیدوار بغیر کسی جلوس کے واپس لوٹتے رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں بھی حفاظت کے پیش نظر پختہ انتظامات کئے گئے ہیں اور شہر میں پولیس فورس تعینات رہے گی ۔ وقفہ وقفہ سے لاوڈ اسپیکر کے ذریعہ ہار جیت کا اعلان کیاجائیگا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر