منگلور روڑکی روڈ پر واقع منگلور پولیس چوکی سے چند قدم کے فاصلے پر ایک پک اپ گاڑی کو اوور ٹیک کرتے ہوئے دو طالب علموں کی بائک زد میں آگئی جس کے نتیجہ میں سرساوہ کا باشندہ ایک طالب علم کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ اس کا ساتھی شدید طو رپر زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے مرنے والے طالب علم کی لاش کو قبضہ میں لے کر پنچ نا مہ بھرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ بعد ازاں پولیس نے پک اپ کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ تفصیل کے مطابق اسٹیٹ ہائی وے پر واقع سرودے گیان اسکول میں نیٹ
(NEET)
کے امتحان کے سینٹر پر پہنچنے کے لئے سرساوہ کا ایک طالب علم 18سالہ روچت اپنے دوست شوم کے ساتھ بذریعہ بائک امتحان دینے آرہا تھا ۔ دیوبند پہنچ کر دونوں طالب علم امتحانی سینٹر کو ڈھونڈتے ڈھونڈتے منگلور روڑکی روڈ پر پہنچ گئے جہاں انہو ںنے سینٹر کے بارے میں معلومات کی ۔ معلومات کرنے کے بعد جب وہ دونوں طالب علم سینٹر کی طرف جارہے تھے تبھی ایک پک اپ کو تیز رفتار کے ساتھ اوور ٹیک کرنے کے دوران بائک کسی دوسری گاڑی کی زد میں آگئی، جس کے نتیجہ میں دونوں طالب علم شدید طو رپر زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے دونوں طالب علموںکو علاج کے لئے دیوبند کے سرکاری اسپتال بھیجا جہاں ڈاکٹروں نے روچت کو مردہ قرار دیدیا ، جب کہ شوم کو ابتدائی میڈیکل ایڈ دینے کے بعد ہائیر سینٹر ریفر کردیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے فوت ہوجانے والے طالب علم کے اہل خانہ کو حادثہ کی اطلاع دیتے ہوئے پک اپ وین کے ڈرائیور کو گاڑی سمیت حراست میں لے لیا۔ اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی روچت کے اہل خانہ دیوبند کے سرکاری اسپتال پہنچ گئے جہاں پولیس نے ان کی موجودگی میں لاش کا پنچ نامہ بھرکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔
0 Comments