Latest News

فرضی آدھار کارڈ معاملے میں دیوبند پولیس نے ایک اور ملزم کو گرفتار کر کے بھیجا جیل۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
فرضی آدھار کارڈ معاملے کے اصل فرار ملزم کو پولیس نے مسلسل تلاش کے بعد بالآخر گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضہ سے پولیس کو 32فرضی آدھار کارڈ ملے ہیں، جس کے بعد ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے، حالانکہ اس معاملہ میں ایک ملزم ابھی بھی فرار چلا آرہا ہے۔ واضح ہو کہ پولیس نے 2 مئی کو بلدیاتی الیکشن میں فرضی ووٹنگ کے لئے نقلی آدھا رکارڈ تیار کئے جانے کی سازش کا پردہ فاش کیا تھا، اس معاملہ میں پولیس نے محلہ قلعہ کے باشندے شاہ زمان اور مٹکوٹہ کے باشندے سبحان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ جب کہ آصف اور بھورا جو اس معاملہ میں ملوث تھے وہ دونوں فرار چلے آرہے تھے، گزشتہ دیر رات پولیس نے بھائیلہ روڈ پر واقع نالے کی پلیا کے قریب سے ملزم آصف کو گرفتار کرلیا۔ دیوبند کوتوالی کے انچارج ایچ این سنگھ نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے ملزم آصف کے پاس سے 32فرضی آدھار کارڈ برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آصف محلہ قلعہ پر انڈین فارم سینٹر کے نام سے ایک دوکان چلاتا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں فرضی ووٹنگ کرانے کے لئے آصف کی دوکان پر ہی نقلی آدھار کارڈ تیار کئے جاتے تھے۔ کوتوالی انچارج نے بتایا کہ آصف کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ اس معاملہ میں پہلے ہی دو ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیجا جاچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی ایک ملزم پولیس کی گرفت سے باہر ہے ، لیکن جلد ہی اس کو بھی گرفتار کرکے جیل رسید کیا جائے گا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر