دارالعلوم وقف دیوبند سے متصل واقع جامعہ اسلامیہ حفصہ للبنات میں تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس میں دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مفتی احسان قاسمی نے بخاری شریف کا پہلا درس دیتے ہوئے طالبات کو پندو نصائح سے نوازا ۔ انہوں نے طالبات کو حدیث شریف کے متعلق بنیادی اصول بتائے اور پہلی حدیث کی تشریح کرتے ہوئے اخلاص نیت کی طرف توجہ دلائی اور پھر طالبات کو تعلیمی سال گزارنے کے آداب کی تلقین کی۔ مفتی احسان قاسمی نے کہا کہ آپ لوگ یہاں پر دین کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے آئی ہیں، محنت سے تعلیم حاصل کریں او ریہاں سے جانے کے بعد دوسروں کو بھی تعلیم سے آراستہ کریں۔انہوں نے کہا کہ سارا دارومدار نیتوں پر ہے ، ہماری نیت اگر اللہ تعالیٰ کے لئے ہے ، دنیا کی بڑائی کے لئے نہیں ہے ، شہرت حاصل کرنے کے لئے نہیں بلکہ اللہ کی رضا کے لئے ، اللہ کے دین کو پھیلانے کے لئے ، دین کو رائج کرنے کے لئے ہے، تو ان شاءاللہ تعالیٰ یہ معمولی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ جس نیت سے یہاں آئی ہیں اس نیت کے ساتھ اگرآپ نے اپنے دل کو صاف کرلیا تو یہاں رہتے ہوئے جو مشقت آپ کو اٹھانی پڑے گی ، جو محنت سے کام کریں گے وہ سب عبادات بن جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جب طالب علم اللہ کے لئے نکلتا ہے اور اس کی نیت پکی ہوتی ہے تو پھر اس کا سارا کام عبادت ہوتا ہے۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ دلجوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور اس کو آگے بھی بڑھائیں۔ اس موقع پرادارہ کے مہتمم مولانا ثوبان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ، ناظم اعلیٰ مفتی یاسر قاسمی، مفتی غفران ، مفتی فرمان اور بلال وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments