Latest News

عشرہ ذی الحجہ بہت ہی برکت اور نیکیوں والا ہے، نظر منزل دیوبند میں منعقد اصلاحی مجلس میں مولانا سالم اشرف قاسمی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
سماجی تنظیم’نظر‘ کی جانب سے ذی الحجہ کے عشرہ اول کے موقع پرایک اصلاحی مجلس کا انعقاد کیاگیا،جس میں کثیر تعداد میں محلہ کے مردو خواتین نے شرکت کرکے استفادہ کیا۔اس دوران درود پاک کا ختم کیاگیا اور امن و سلامتی کی دعائیں مانگی گئی۔ محلہ خانقاہ میں واقع نظر منزل میں منعقد اس اصلاحی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم اشرفیہ دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سالم اشرف قاسمی نے ماہِ ذی الحجہ اور درود پاک کی عظمت پر روشنی ڈالی، انہوں نے قربانی اور حج و عمرہ کی اہمیت بھی بیان کی۔ مولانا نے کہاکہ ذی الحجہ کا مہینہ بڑی عظمت والا مہینہ ہے اور عشرہِ اول تو مکمل طورپر بڑا ہی قیمتی ہے،جس کی فضیلت واہمیت قرآن وحدیث میں مختلف انداز سے بیان کی گئی۔ اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لئے عشرہ ¿ ذی الحجہ بہت کی برکت اور نیکیوں والا ہے،کیوں کہ اس عشرہ میں ایک دن کا روزہ ایک سال کے روزوں کے برابر ہے اور ایک رات کی عبادت شب قدر کی عبادت کے برابر ہے اور قربانی عظیم عبادت اور شعائر اسلام میں سے ہے۔انہوں نے قربانی کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہر صاحب نصاب پر قربانی واجب ہے ، قربانی کرنا اللہ تعالیٰ کا حکم ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اور اپنے گھروالوں کی طرف سے قربانی کیا کرتے تھے۔ قربانی زندہ افراد کیا کرتے ہیں ، اگر کوئی اپنے فوت شدگان کی طرف سے قربانی کرنا چاہے تو کرسکتا ہے۔مولانا سالم اشرف قاسمی نے حج کی اہمیت بھی بیان کی اور کہاکہ حج بھی اس ماہِ مبارک کی ایک عظیم ترین عبادت ہے ،جو صرف اور صرف اسی مہینہ کے لئے خاص ہے،اس سے بھی اس ماہِ کی فضیلت کا انداز کیا جاسکتاہے،صاحب حیثیت افراد کو حج ضرور کرنا چاہئے۔ مولانا نے درود پاک کی کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین مجلس سے درود پاک کا کثرت سے اہتمام کرنے کی اپیل کی۔اس دوران مولانا نے ملک و قوم کی خوشحالی اور سلامتی کے لئے رقت آمیز دعاءکرائی۔
آخر میں پروگرام کنوینر تنظیم کے چیئرمین نجم عثمانی نے تمام حاضرین کا شکریہ اداکیا۔ اس دوران طاہر حسن شبلی، انصار مسعودی، قمر عثمانی، ڈاکٹر شمشاد حسین، ڈاکٹر انیس، نبیل مسعودی، دلشاد عثمانی، شاہنواز عثمانی، عبداللہ عثمانی، مولانا کوکب، محمد عیسیٰ، محمد اعظم، کاشف ٹیلر، گڈو، سلمان، سونو، محمد عثمان، نانو قصار وغیرہ سمیت کثیر تعداد میں محلہ کے مردو خواتین موجودرہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر