Latest News

عیدگاہ دیوبند میں صبح ۶:۴۵ بجے ادا کی جائیگی عیدالاضحی کی نماز، عیدگاہ کمیٹی کی میٹنگ میں فیصلہ، قربانی کے موقع پر صفائی کا خاص خیال رکھنے کی اپیل۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عیدالاضحی کی سلسلہ میں عیدگاہ وقف کمیٹی دیوبند کی ایک میٹنگ آستانہ قاسمی پر منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں کمیٹی کے اکثر ارکان نے شرکت کی ۔ اس موقع پر گرمی کی شدت اور برسات کے موسم کے پیش نظر اتفاق رائے سے طے پایا کہ عیدگاہ میں عیدالاضحی کی نماز صبح 6:45 (پونے سات) بجے ادا کی جائے گی۔ 
مولانا سفیان قاسمی نے کہا کہ گرمی کی شدت اور نماز کے بعد قربانی کئے جانے کو ذہن میں رکھتے ہوئے سویرے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کی جانب سے یہ اپیل جاری کی گئی ہے کہ عیدگاہ میں صبح 6:30 بجے تک پہنچنے کی کوشش کریں تاکہ قربانی کے مسائل سے بھی واقفیت ہوسکے۔ عیدگاہ وقف کمیٹی کے صدر مولانا محمد سفیان قاسمی اور سکریٹری محمد انس صدیقی نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کرنے والے حضرات اس بات کا خصوصی طور سے خیال رکھیں کہ جانوروں کی قربانی پردے میں اور طے شدہ مقامات پر ہی کریں اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں ۔ جانوروں کی آلائش میونسپل بورڈ کی گاڑی اور ریڑھوں کی مدد سے شہر سے باہر بھیجنے کا انتظام کریں۔ اس کے علاوہ کسی قسم کی گندگی یا گوشت وغیرہ کو باہر سڑکوں پر پھینکنے سے مکمل احتراز کریں۔ 
وہیں دوسری جانب مرکزی جامع مسجد کے متولی خرم عثمانی نے بتایا کہ جامع مسجد میں عیدالاضحی کی نماز صبح 7بجے ادا کی جائے گی۔ ادھر مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی نے اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کے تینوں دن صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور کوئی ایسا کام نہ کریں جس کی وجہ سے دوسرے مذاہب کے لوگوں کو تکلیف ہو۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر