Latest News

مولا نا محمد اسلام قاسمی کے انتقال پر دارالعلوم وقف دیوبند میں تعزیتی اجلاس کا انعقاد، مرحوم بے پناہ اوصاف و کمالات کی حامل شخصیت کے مالک تھے: مولانا سفیان قاسمی۔

دیو بند: جمعہ کے روز دارالعلوم وقف دیوبند کے انتہائی مخلص قدیم و مقبول استاذ حدیث مولا نا محمد اسلام قاسمی صاحب اس دار فانی سے دار بقاء کی جانب کوچ کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کے انتقال کی خبر سے دیوبند اور خصوصاً دارالعلوم وقف دیو بند کے ذمہ داران، اساتذہ و کارکنان اور طلبہ بے حد رنجیدہ ہیں اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
اس تناظر میں گذشتہ شب دار العلوم وقف دیوبند کی دارالحدیث فوقانی میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں قرآن خوانی اور ایصال ثواب کے بعد دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتم مولا نا محمد سفیان قاسمی نے مولانا کے اوصاف و کمالات اور خدمات بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ مولانا کی شخصیت ایک ہمہ جہت شخصیت تھی، ان کے تعلقات معاشرے کے ہر طبقہ کے لوگوں سے والہانہ اور خیر خواہانہ تھے۔ وہ ہر ایک سے تپاک اور خوش دلی سے ملتے تھے۔ ان کی شخصیت ایک باوقار اور خود دار شخصیت تھی۔ بذلہ سنجی و مزاح اور خود اعتمادی کے ساتھ ساتھ سادگی ان کا خاص وصف تھا، وہ وسیع المطالعہ اور بابصیرت عالم دین تھے۔ ان کی خدمات دارالعلوم وقف دیوبند کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ وہ دارالعلوم وقف دیوبند کی خشت اساس سے ہی ادارہ سے وابستہ ہوئے اور علم حدیث اور علم ادب کے باب میں انہوں نے بڑی خدمات انجام دیں۔ ان کا درس طلبہ میں بے حد مقبول تھا اور طلبہ ان کے درس کے منتظر رہتے تھے۔ وہ اپنے منفرد انداز تدریس، افہام و تفہیم کی خصوصی لیاقت اور نکتہ آفرینیوں کی بناء پر ایک امتیازی مقام رکھتے تھے، ان کی رحلت دار العلوم وقف دیو بند کے لئے ایک عظیم نا قابل تلافی خسارہ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ اس دار فانی سے دار بقا کی طرف کوچ کر چکے ہیں، ایسے میں آپ طلبہ کا بحیثیت روحانی اولاد کے یہ اخلاقی فریضہ ہے کہ آپ انہیں اپنے ایصال ثواب اور دعائے خیر میں یادرکھیں۔ یہ درسگاہ اور اس کی درودیوار ان کی خدمات کی شاہد ہیں۔ جہاں صبح و شام ان کی آواز گونجتی تھی۔ حقیقت یہ کہ جب انسان کا اس دنیا سے رابطہ منقطع ہوتا ہے تو وہ اپنے متعلقین سے دعاء خیر کا ہی طالب ہوتا ہے۔ مولانا محمد سفیان قاسمی کی پر سوز دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبند کے اساتذہ کے علاوہ مولانا کے پسماندگان اور باہر سے تشریف لائے مہمانان کرام بھی موجود ہے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر