Latest News

دارالعلوم دیوبند انگریزی پڑھانے کامخالف نہیں ، اقلیتی کمیشن کے سامنے ضلع کلکٹر کی رپورٹ پیش، کمیشن مطمئن، ادارہ کا موقف بھی رکھا گیا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
 دارالعلوم دیو بند میں انگریزی زبان پڑھنے پر کوئی پابندی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ سہارنپور کی سطح سے کرائی گئی جانچ میں واضح ہو گیا کہ دارالعلوم دیو بند میں نہ صرف انگریزی زبان پڑھائی جاتی ہے بلکہ اس کا اپنا شعبہ ہے۔ اس کے علاوہ ہندی ریاضی، کمپیوٹر کی تعلیم ابتدائی درجات میں فراہم کی جاتی ہے۔ دار العلوم دیوبند کا اپنا انگریزی کا شعبہ بھی ہے۔ یہ جانچ رپورٹ ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے نائب تحصیلدار دیو بند نے بدھ کو یوپی اقلیتی کمیشن میں ہوئی سماعت کے دوران پیش کی۔ سماعت میں دارالعلوم دیوبند کے ناظم مجلس تعلیمی مولانا حسین احمد ہریدواری بھی بطور نمائندہ موجود رہے۔ انھوں نے دارالعلوم دیوبند کا موقف پیش کیا۔ ضلع مجسٹریٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دارالعلوم دیوبند میں ایک انگریزی کا شعبہ ہے۔ دارالعلوم کے پرائمری درجات میں طلباء کو دیگر مضامین کے ساتھ ہندی، انگریزی، ریاضی اور تکنیکی کمپیوٹر کی تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ دارالعلوم دیوبند انگریزی تعلیم لینے کے بالکل خلاف نہیں ہے اور خود یہاں پڑھنے والے اپنے طلباء کو انگریزی تعلیم فراہم کرتا ہے۔ وہیں ناظم مجلس تعلیمی کی جانب سے کمیشن میں دارالعلوم دیو بند کا موقف پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ دارالعلوم دیو بند میں انگریزی، ہندی، ریاضی، کمپیوٹر سائنس وغیرہ کے مضامین پہلے ہی پڑھائے جارہے ہیں۔ دارالعلوم دیوبند میں انگریزی وغیرہ جیسی کوئی بھی زبان سیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ دارالعلوم دیوبند میں پڑھنے والے طلباء ادارے میں پڑھتے ہوئے ایک ساتھ 2 ڈگری کیلئے کسی دوسرے ادارے میں داخلہ نہیں لے سکتے کیونکہ 2 ؍جگہ داخلہ لینے سے پڑھائی متاثر ہوگی اور یہ غیر قانونی بھی ہے۔ ایک وقت میں 2 ؍ڈگریاں قابل قبول نہیں ہوتیں۔ دارالعلوم دیو بند میں زیر تعلیم طلباء اپنا کورس مکمل کرنے کے بعد کسی بھی ادارے میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ دارالعلوم دیوبند کے مورخہ 13 جون 2023 کے نوٹس میں بھی اس بات کی تجدید کرائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر اس طرح کی خبریں عام ہونے کہ دارالعلوم دیو بند نے انگریزی پڑھانے پر پابندی عائد کردی ہے، جس کا یو پی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین اشفاق سیفی نے از خود نوٹس لیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ سے جانچ کرا کے رپورٹ پیش کرنے اور دارالعلوم دیوبند کو بھی اپنا موقف واضح کرنے کیلئے کہا تھا۔ اس معاملے کی بدھ کو سماعت ہوئی جس میں حقائق واضح ہو گئے۔دارالعلوم دیوبند میں پہنچے ڈپٹی کلکٹر کو شعبہ انگریزی کے نگراں مولانا توقیر احمد قاسمی نے معائنہ کراتے ہوئے مکمل تفصیلات سے آگاہ کرایا، جس کے بعد ضلع مجسٹریٹ سطح پر تفصیلی رپورٹ تیار کی گئی جسے اقلیتی کمیشن کے سامنے پیش کیا گیا۔ضلع مجسٹریٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معاملے کی جانچ ڈپٹی کلکٹر دیو بند نے کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دارالعلوم دیو بند کی جانب سے دار العلوم دیو بند میں انگریزی پر پابندی لگانے سے متعلق کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر