Latest News

جامعہ طبیہ دیوبند اورپبلک گرلز انٹر کالج سمیت دیگر اداروں میں یوگ پروگرام منعقد، آج کی بھاگ دوڑ والی زندگی میں روزانہ ورزش نہایت ضروری: ڈاکٹر اختر سعید۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
”عالمی یوگا ڈے“کے موقع پر جامعہ طبیہ دیوبند ، پبلک گرلز انٹر کالج سمیت شہر کے دیگر تعلیمی اداروں میں عالمی یوگا ڈے جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔ جامعہ طبیہ دیوبند میں یوگا ڈے پر لگایا گیا یوگا کیمپ کا افتتاح ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر اختر سعید کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس دوران جیون یوگا فاﺅنڈیشن ریلوے روڈ کے زیر اہتمام منعقدہ اجتماعی یوگ میں وشال پنڈیر اور اس کی ٹیم نے مختلف طریقہ سے یوگا کرایا۔ اس دوران دیپک، وکاس اورا ن کی پوری ٹیم کا بھرپور تعاون رہا۔جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر اختر سعید نے بتایا کہ 15جون سے چلنے والے یوگا ہفتہ کے تحت دیہی علاقوں میںیوگا سے متعلق میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے ٹرینر ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی ،ڈاکٹر محمد آصف ،فیضی اور جوگیند روغیرہ نے یوگ سے متعلق گاﺅں در گاﺅں جاکر بھرپور تشہیر کی جس میں تقریباً 15گاﺅں کے ساتھ ساتھ شہر کے ہزاروں افراد کو یوگ کے سلسلہ میں اہم جانکاریاں دیں۔ ڈاکٹر اختر سعید نے کہا کہ موجودہ دور کی بھاگ دوڑوالی زندگی میں روز انہ ورزش کرنا نہایت ضروری ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یوگ کا تعلق کسی خاص طبقہ ،فرقہ یا ملک سے نہیں ہے بلکہ اس کا سیدھا تعلق انسانی زندگیوں سے ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مرکزی اور صوبائی حکومتوں کا تعاون قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وزارت آیوش اترپردیش حکومت کے یوگ پروگرام سے عوام کے اندر جو بیداری کی جارہی ہے وہ ایک اچھا قدم ہے۔ عالمی یوگا ڈے کے موقع پر عیدگاہ روڈ پر واقع پبلک گرلز انٹر کالج اور پبلک نرسری اور جونیئر ہائی اسکول میں یوگا پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسکول اور کالج کی طالبات نے اپنی ٹیچرزکے ساتھ یوگا کیا۔ کالج کے احاطے میں منعقدہ یوگا پروگرام کا افتتاح کالج کے منیجر سہیل صدیقی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا صحت مند جسم کے لیے ضروری ہے، ہمیں بھی اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کے ذریعے جسم کو صحت مند رکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران ٹیچرز نے طالبات کو مختلف آسنوں سے یوگا کرایا اور ان کے فوائد بتائے۔اسکو ل کی ہیڈ مسٹریس صبا حسیب صدیقی نے بھی بچوں کو یوگا کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور یوگا کے جسمانی، ذہنی اور روحانی فوائد بتائے اور طالبات سے زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے یوگا کریں۔ اس دوران سکول کی طالبات کے علاوہ سٹاف اور اساتذہ بھی موجود رہے۔ مولانا آزاد پیرا میڈیکل کالج میں جاری تین روزہ یوگا کیمپ بحسن خوبی اختتام پذیر ہوگا ۔ کالج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یونس صدیقی کی رہنمائی میں چلائے جانے والے یوگا کیمپ میں ڈاکٹر طیب انجم نے کالج کے عملہ ، طلبہ اور مریضوں سمیت 200افراد کو یوگا کی مشقیں کرائیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر طیب انجم نے کہا کہ ہیلتھ کے ذریعہ کیئر سیکٹراسکل کونسل کے اہتمام ہم ہمیشہ سماجی ترقی کے لئے کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس تین روزہ کیمپ میں سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عمرہ، ڈاکٹر ہدیٰ ، ڈاکٹر مریم صدیقی، وپن کمار، ڈاکٹر نوید ، ڈاکٹر طاہر وغیرہ موجود رہے۔ اسلامیہ ڈگری کالج میں بھی عالمی یوم یوگا منایا گیا جس میں طلبہ وطالبات نے جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اس موقع پر ادارہ کے پرنسپل وکیل احمد نے کہا کہ یوگ ہماری زندگی کے لئے بہت ضروری ہے۔ اس موقع پر طلبہ واسٹاف وغیرہ موجود رہا۔ اس کے علاوہ کے ایل جنتا انٹر کالج اسلامیہ انٹر کالج وغیرہ میں بھی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر