سہارنپور: صوبہ کرناٹک کے معروف تعلیمی ادارے ’ شاہین ادارہ جات بیدر سے ہر سال کی طرح اس سال بھی حفاظ طلبہ نے ’نیٹ‘ امتحان میں شرکت کرتے ہوئے بہترین تعلیمی مظاہرہ کیا، اس امتحان میں ملک بھر سے ہزاروں نہیں لاکھوں طلبہ نے شرکت کی تھی۔ ان میں طلبہ نے نہ صرف شاہین ادارہ جات میں بلکہ ملک بھرمیں ایک نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
نیٹ کے امتحان میں طلبہ کی کامیابی پر ملک کی مختلف علمی و ادبی، سماجی و اصلاحی شخصیات نے مسرت کا اظہار کیا۔اس سلسلے میں مبارک باد دیتے ہوئے مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی سکریٹری شعبہ دینی تعلیم آل انڈیا ملی کونسل نے کہا کہ طلبہ و طالبات کے نیٹ امتحان میں اس طرح کی کامیابی پر میں شاہین ادارہ جات کے چیرمین ڈاکٹر عبدالقدیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
بالیقین ڈاکٹر عبدالقدیر نے علم کی شمع روشن کرکے جو کارہائے نمایاں انجام دئے ہیں اور دے رہے ہیں وہ قابِلِ ستائش اور قابلِ تقلید ہے۔
یہ کامیابی کی ایک بے مثال کہانی ہے جس کے پیچھے جدوجہد اور محنت کی کہانی۔ اساتذہ کے جذبے کی کہانی اور بزرگوں کی رہنمائی اور دعاوں کی کہانی ہے۔
اسی طرح انھوں نے حافظ محمد اعظم ابن مولانا آصف ندوی ناظم جامعہ کاشف العلوم چھٹمل پور و محمد فاضل ابن حکیم محمد عادل مرزا پور کی نیٹ امتحان میں کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیٹ میں کامیاب ہونا آسان بات نہیں اس کے لئے لگاتار محنت اور تعلیم کی طرف رجحان درکار ہوتاہے بلا شبہ حافظ محمد اعظم اور محمد فاضل نے انتھک محنت، مطالعہ کرکے اور نیٹ پاس کرکے طالب علم ہونے کا حق ادا کیا ہے۔میں اس کے لئے انھیں مبارکباد پیش کرتا ہوں“۔
مولانا نے شاھین اکیڈمی مظفر نگر کے ڈائریکٹر مولانا محمد اکرم ندوی کو بھی شاہین اکیڈمی سے طلبہ کے کامیاب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اکیڈمی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اخیر میں انھوں نے کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ تمام طلبہ و طالبات کو یوں ہی مسلسل کامیابیاں ملتی رہیں اور وہ سب ایسے ڈاکٹرز بنیں جن میں ایمانداری و انسانی ہمدردی کاجذبہ ہواور اپنے فرائض کو پوری ایمانداری کے ساتھ نبھائیں۔
0 Comments