Latest News

بجلی محکمہ کی بڑی لاپرواہی، ہائی ٹینشن لائن میں آتشزدگی، دارالعلوم دیوبند کے سامنے گھمبا گرنے سے افراتفری و بھگدڑ۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
پاور کارپوریشن کی لاپرواہی سے دارالعلوم کے سامنے بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔ خستہ حال ہائی ٹینشن لائن کا پول ٹوٹ کر دوسرے کھمبے کی تاروں پر جا گرِا،جس سے آگ لگنے سے بھگدڑ مچ گئی۔ جب یہ حادثہ پیش آیا اس وقت طلبہ اور لوگوں کی بڑی تعداد کی وہاں سے آمدو رفت تھی لیکن غنیمت رہی کہ کوئی بڑا واقعہ رونما نہیں ہوا۔ مشہور مسجد رشیدکے سامنے کھڑاہائی ٹینشن لائن کے کھمبے کا نیچے کا حصہ مکمل طور پر گَل گیا ہے۔ کئی بار اس کی شکایت کارپوریشن کے افسران سے کی گئی۔ لیکن اس کو تبدیل نہیں کیاگیا،ہفتہ کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے یہ کھمبا ٹوٹ کر برابر سے گزرنے والی دوسری لائن پر جا گرِا۔ جس سے تاروں میں آگ لگ گئی اور تاریں ٹوٹ کر نیچے لٹک گئیں۔ اس سے وہاں بھگدڑ مچ گئی۔ شکر ہے کسی کو کرنٹ نہیں لگا ورنہ بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔ اطلاع پربجلی سپلائی بند کرائی گئی، بعد ازاں موقع پر پہنچے افسران نے خستہ حال کھمبے کو ویلڈنگ کرکے ٹھیک کیا۔ جس کے بعد صبح 4؍ بجے سپلائی شروع ہو سکی۔وہیں ہائی ٹینشن لائن ٹوٹنے کے معاملے میں کچھ آڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔ جس میں لوگ شام 5 بجے سے بجلی کے کارکنوں کو فون کرکے کھمبے کے حوالے سے معلومات دے رہے ہیں۔ لیکن لاپرواہی کا یہ حال ہے کہ کوئی افسر یا ملازم یہاں دیکھنے تک نہیں پہنچے۔ کارپوریشن کا کوئی بھی افسر اس معاملے میں کچھ کہنے کو تیار نہیں ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر