Latest News

قاسمی قبرستان اور تعلیمی اداروں کا راستہ گند ے پانی سے لبریز، میونسپل بورڈ کے تئیں لوگوں میں سخت ناراضگی، مسئلہ کاحل نہ ہونے پر احتجاجی تحریک کا انتباہ۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند میونسپل بورڈ کی لاپرواہی کی وجہ سے محلہ خانقاہ میں واقع کئی تعلیمی اداروں اور قبرستان کو جانے والے راستوں پر گزشتہ کئی ماہ سے پانی بھرا ہواہے ۔ جس کی وجہ سے اس علاقے کے باشندوں اورتعلیمی اداروں میں آنے جانے والے طلبہ و طالبات کے علاوہ قبرستان میں آنے جانے والے لوگوں کو سخت دشواریوں کا سامناکرنا پڑرہاہے ۔ میونسپل بورڈ کی جانب سے کئی مرتبہ اس علاقہ کا سروے کرائے جانے کے بعد نالے اورنالیوں کی صفائی کرائے جانے اوراس مسئلہ کا حل کرائے جانے کی یقین دہانی کرائی جاچکی ہے لیکن اس کے باوجود گزشتہ کئی ماہ سے مذکورہ راستوں کی حالت جوںکی توں برقرار ہے ۔ جس کی وجہ سے لوگوں میں میونسپل بورڈ کے تئیں سخت ناراضگی ہے۔ اس علاقے کے باشندوں نے اپنے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر برسات شروع ہونے سے پہلے اس مسئلہ کا حل نہ نکالا گیا تو میونسپل بورڈ انتظامیہ کے خلاف تحریک چلائی جائیگی ۔ عید گاہ روڑ پر واقع اندر جانے والے اس راستے پر ایک جونیئر ھائی اسکول ، ایک گرلز انٹرکالج ، ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ اور آنکھوں کے اسپتال کے علاوہ کئی بانیانِ دارالعلوم دیوبند کے قاسمی اور عابدی قبرستان واقع ہیں جہاں مشہور علماءاور بزرگوں کی قبریں ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کے علاوہ باہر سے آنے والے لوگوں کی ہر وقت فاتحہ پڑھنے کے لئے آمد و رفت لگی رہتی ہے ۔لیکن گزشتہ کئی ماہ سے بار بار یاد دہانی کے باوجود ان راستوں پر گندے پانی کے مسلسل بھرے رہنے کا مسئلہ حل نہیں ہوپایا ہے ۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو اور یہاں واقع تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو گندے پانی سے ہوکر گزرنا پڑتاہے ۔ دوسری جانب اس مقام پر رہنے والے باشندے بھی پانی بھرے رہنے کی وجہ سے بے حد پریشان ہیں ۔ خاص بات یہ ہے کہ موت ہوجانے پر جب میت کو تدفین کے لئے یہاں واقع قبرستانوں میں لایا جاتاہے تو اس وقت بھی جنازہ میں شریک لوگوں کو کافی پریشانی کاسامنا کرنا پڑتاہے ۔ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ میونسپل بورڈ انتظامیہ کو تحریر ی طور پر اور زبانی مذکورہ مسائل سے واقف کرائے جاچکاہے ۔ ماہ مئی 2023 میں ہونے والے میونسپل بورڈ کے الیکشن کے موقع پر یہاں واقع گرلز کالج میں بنائے جانے والے پولنگ بوتھ پر آنے والے افسران کو بھی اس مسئلہ سے واقف کرائے گئے تھا اور افسران نے بھی جلد ازجلد اس مسئلہ کے حل کی یقین دہانی کرائی تھی ، لیکن آج تک اس علاقہ کی حالت پہلے کی طرح بر قرار ہے ۔ جس کی وجہ سے یہاں قبرستانوں میں آنے والے لوگوں اور طالب علموں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ ان تعلیمی اداروں اور قبرستان کے آس پاس کے باشندوں فیضی صدیقی ، نجم عثمانی ،خورشید احمد ، عامل شاہ ، انعام ، محمد رفعت ، ذیشان ، مبین، اکرم، قربان، شمشاد، جہانگیر ، محمد اسرار ، شہزاد انجم ، پر دیپ شرما وغیرہ میونسپل بورڈ انتظامیہ میںمذکورہ مسئلہ کو جلد از جلد حل کرانے کا مطالبہ کیاہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر