Latest News

ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے گریز کریں، عیدالاضحی کے پیش نظر دارالعلوم دیوبند کی جانب سے جاری اپیل میں سڑکوں پر نماز عید سے بھی اجتناب کی تلقین۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عیدالاضحی کے مدنظر حکومتی سطح پر علماء کی جانب سے مسلمانوں کے لئے اپیلیں جاری کراکر تہواروں کو پرُ امن طریقہ سے اختتام پذیر کرائے جانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔اس مناسبت سے آج عالمی شہرت یافتہ دینی تعلیمی ادارہ دارالعلوم دیوبند نے مسلمانوں کے لئے اپیل جاری کرکے کہاکہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی نہ کریں، کھلے میں قربانی نہ کریں، صفائی کا خیال رکھیں اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق اپنے تہوار کو خوشی کے ساتھ منائیں۔

پیر کے روز دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مفتی مزمل مظفر نگری نے دارالعلوم دیوبند کی جانب سے جاری کی گئی اپیل میں تمام مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں اوراکابرین نے ہمیشہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے منع کیا ہے، اس لیے ہر مسلمان عید الاضحی کے مبارک موقع پر اس کا خیال رکھیں اور ہمیشہ کی طرح ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے کلی پرہیز کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کھلے میں قربانی نہ کریں، سڑکوں اور راستوں پر ہر گز قربانی نہ کریں، صفائی کا خاص خیال رکھیں، جانوروں کے باقیات سڑکوں یا نالیوں میں نہ ڈالیں بلکہ بلدیہ کے انتظامات کے مطابق باقیات کو گاڑیوں میں ہی ڈالیں یا گڑھے کھود کر دبائیں، اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ملک میں رہنے والے دیگر مذاہب کے لوگوں کو اس کی وجہ سے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مفتی مزمل قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلمانوں کو اس بات کا بھی خاص خیال رکھنا چاہیے کہ سڑکوں اور راستوں میں نماز پڑھنے پر پابندی ہے اس لیے وہ نماز عیدگاہ اور مساجد کے احاطے میں ہی ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں نماز عید صبح 6 بجے ادا کی جائے گی۔ 

ادھرعیدگاہ کمیٹی کے سیکرٹری محمد انس صدیقی نے بھی جاری اپیل کے دوران کہا کہ عید کی نماز عیدگاہ میں صبح 6 بجکر 45 منٹ پر ادا کی جائے گی، اس لیے تمام لوگ وقت پر پہنچیں اور سڑکوں پر نماز نہ پڑھیں بلکہ وقت پر عیدگاہ پہنچیں،انہوںنے کہاکہ بارش ہونے اور موسم خراب رہنے کے سبب اگر عیدگاہ میں نماز عید کی ادائیگی مشکل ہوئی تو مسجد رشید اور جامع مسجد یا اپنے اطراف کی مساجد میں نماز عید ادا کریں۔
مرکزی جامع مسجد دیوبند کے متولی خرم عثمانی نے بھی اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید کی نماز صبح 7 بجے جامع مسجد میں ادا کی جائے گی۔ انہوں نے اپیل کی کہ قربانی کے دوران صفائی کا خاص خیال رکھیں، سڑکوں پر نماز نہ پڑھیں اور ان جانوروں کی قربانی نہ کریں جن کی قربانی پر حکومت کی جانب سے پابندی عائدہے۔ ادھربجرنگ دل کی جانب سے ایس ڈی ایم دیوبند کو ایک میمورنڈم دیاگیا اورمطالبہ کیا گیا ہے کہ بقرعید حکومتی ہدایات کے مطابق منانے اور سناتنی دھرم کے لوگوں کے مذہبی جذبات کا خیال رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر