دیوبند: ڈی ایم سہارنپور ڈاکٹر دنیش چندر سنگھ اور ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڈا عیدالاضحی اور کانوڑ کے حوالے سے ریاستی شاہراہ پر واقع بلاک ڈیولپمنٹ آفس میں منعقدہ امن کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کے بعد عالمی شہرت یافتہ اسلامی تعلیمی ادارہ دارالعلوم دیوبند پہنچے اور ذمہداران سے مُلاقات کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کے علمائے کرام سے ملاقات کے لیے یہاں آئےہیں۔
بدھ کی دوپہر دارالعلوم دیوبند پہنچنے ڈی ایم ڈاکٹر دنیش چندر اور ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڈا کا دارالعلوم دیوبند کے سینئر استاذ مولانا سلمان بجنوری اور ہاسٹل انچارج مولانا منیر الدین قاسمی نے استقبال کیا۔ اس دوران دونوں افسران نے دارالعلوم دیوبند کے عہدیداروں سے آئندہ عیدالاضحیٰ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ دارالعلوم کی جانب سے ممنوعہ جانوروں کی قربانی اور سڑکوں پر نماز نہ پڑھنے کے حوالے سے جاری کردہ اپیل قابل ستائش ہے۔ اس دوران انہوں نے دارالعلوم سے متعلق تعلیم اور انتظامات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ ڈی ایم دنیش چندر سنگھ نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند ایک عالمی شہرت یافتہ ادارہ ہے جس کا پیغام پوری دنیا میں جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج انہوں نے ذمہ داروں سے ملاقات کی اور عید الاضحی کے موقع پر سڑکوں پر نماز نہ پڑھنے اور ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے متعلق بات ہوئی. ڈی ایم نے کہا کہ اس سلسلے میں دارالعلوم سے پہلے ہی اپیل جاری کی جاچکی ہے۔
اس دوران جمعیۃ علماء ہند کے ریاستی جنرل سکریٹری مولانا محمد مدنی، جمعیۃ علماء ہند کے ضلع جنرل سکریٹری سید ذہین احمد، اشرف عثمانی، عیدگاہ کمیٹی کے سکریٹری محمد انس صدیقی، ایس پی دیہات ساگر جین، کوتوالی انچارج ایچ این سنگھ، مولانا اسجد قاسمی، مفتی ریحان، ای او ڈاکٹر دھیریندر رائے وغیرہ موجود تھے۔
بعد ازاں دونوں افسران نے جمعیۃ علماء ہند کے سربراہ مولانا سید ارشد مدنی سے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ملاقات کی اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا، ساتھ ہی ان سے آنے والے تہوار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
سمیر چودھری۔
0 Comments