دیوبند:سمیر چودھری۔
بڑگاﺅں تھانہ پولیس نے نقلی نوٹ بنانے والے دو شاطر بدمعاشوں کو گرفتار کرکے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے دونوجوانوں کو نقلی نوٹ بنانے والی مشینوں کے ساتھ گرفتار کیا ہے ، پولیس نے ضروری کارروائی کرنے کے بعد گرفتار کئے گئے نوجوانوں کو جیل بھیج دیا ہے۔ ایس ایس پی دیہات ساگر جین نے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بڑگاﺅں کی پولیس نے نقلی نوٹ بنانے والے دو شاطر بدمعاشوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ گرفتار کئے گئے نوجوانوں کے پاس سے پولیس نے 51 ہزار 7050 روپے کے نقلی نوٹ برآمد کئے ہیں ، اس کے علاوہ ان کے پاس سے ایک لیپ ٹاپ ، ایک پرنٹر ودیگر مشینیں نیز ایک بائک بھی ملی ہے ۔ ساگر جین نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمین اتراکھنڈ کے شہر لکسر کے باشندے ہیں جن کے نام روی اور جسونت ہیں ۔ ایس پی دیہات ساگر جین نے نقلی نوٹ بنانے کے ریکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے جو نقلی نوٹ برآمد کئے ہیں وہ سبھی نوٹ 50اور 100روپے نقلی نوٹ ہیں جس کے بعد سے ملزمین سے پوری سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی جارہی ہے تاکہ ان کے دوسرے ساتھیوں کو بھی حراست میں لیا جاسکے ۔ سی او دیوبند رام کرن سنگھ نے بتایا کہ بڑگاﺅں تھانہ کے انچارج وشال شری واستو کی قیادت میں پولیس ٹیم نے مخبر کی اطلاع پر بڑگاﺅں میں موجود شاطر ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔ سی او نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گرفتار کئے گئے شاطر بدمعاش روی اور جسونت کے پاس سے 50ہزار روپے سے زائد کے نقلی نوٹ برآمد ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم روی نے پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ میں 8ویں درجہ تک پڑھا ہوا ہوں اور میں نے ضلع ہری دوار کے قصبہ لکسر میں کرائے کی دوکان لے رکھی ہے ، غیر قانونی طریقہ سے روپے کمانے کے مقصد سے لیپ ٹاپ ، پرنٹر، پیپر کٹر وغیرہ رکھ کر اصلی نوٹوں کو اسکین کرکے اس کی فوٹو کاپی کرکے نقلی نوٹ تیار کرتے ہیں۔ سی او نے بتایا کہ ملزم جسونت غیرتعلیم یافتہ ہے اور وہ روی کے ساتھ نوٹوں کو بازار میں چلانے کا کام کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ایسی جگہ کا انتخاب کرتے ہیں جہاں پر بھیڑ بھاڑ ہو یا کوئی میلہ لگا ہو ، تیار کئے ہوئے نقلی نوٹوں کو گزشتہ کل بڑگاﺅں میں لگنے والی پینٹھ میں آئے تھے مگر پینٹھ نہ لگنے کی وجہ سے وہ لوگ نوٹ نہیں چلا پائے۔ سی او رام کرن سنگھ نے بتایا کہ مقدمہ قائم کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
0 Comments