دیوبند: سمیر چودھری۔
اے ٹی ایس کی سہارنپور یونٹ کی جانب سے دیوبند سہارنپور اسٹیٹ ہائی وے سے ایک مشتبہ شخص کو گاڑی میں بٹھاکر اپنے ساتھ لے جانے کی اطلاع سے افراتفری کا ماحول ہے ، جب کہ دیوبند پولیس اس طرح کی کسی کارروائی سے اپنی لاعلمی ظاہر کررہی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق پیر کے روز دوپہر کے وقت اے ٹی ایس ٹیم نے دیوبند سے ایک مشتبہ نوجوان کو اپنی حراست میں لیا ہے ، بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ مشتبہ نوجوان بنگلہ دیش کا باشندہ ہوسکتا ہے، حالانکہ مقامی پولیس اے ٹی ایس کے دیوبند میں ایسے کسی اقدام سے لاعلمی کا اظہار کررہی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ مشتبہ نوجوان دیوبند سہارنپور روڈ پر واقع ایک مدرسہ کے سامنے بذریعہ سائیکل پہنچا ہی تھا کہ سائیکل سے اترتے ہی جیسے ہی ا س نے ایک ہینڈ پمپ سے پانی پینا شروع کیا تو اسی دوران اے ٹی ایس کے لوگوں نے پیچھے سے آکر اس کو پکڑ لیا، معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ مشتبہ نوجوان کو غازی آباد لے جاکر پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ واضح ہو کہ اس سے قبل بھی مشتبہ لوگوں کی تلاش میں اے ٹی ایس کی جانب سے چھاپہ مار کارروائی کی جاتی رہی ہے ، ایک چشم دید کا کہنا ہے کہ ایک نوجوان نے اپنی سائیکل سے اترکر جیسے ہی ہینڈ پمپ سے پانی پینا شروع کیا تو اچانک ایک گاڑی آئی اور اس میں سوار لوگوں نے نوجوان کو پکڑ کر اپنی گاڑی میں بٹھالیا اور اپنے ساتھ لے گئے۔ اس سلسلہ میں ایس پی دیہات ساگر جین کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایس کی اس طرح کی کوئی کارروائی ان کے علم میں نہیں ہے ، مگر ساگر جین کا کہنا ہے کہ اکثر روز مرہ کی چیکنگ کے دوران اس طرح کی پوچھ تاچھ کی جاتی رہتی ہے۔
0 Comments