برسات کی بارش کے کئی دن بعد بھی قاسمی قبرستان اور پبلک گرلز انٹر کالج کا راستہ پانی سے لبریز ہے،جس کے سبب قبرستان میں فاتحہ پڑھنے کے لئے آنے لوگوں اور مہمانوں کے علاوہ یہاں اسکول کالج آنے جانے والے طلبہ وطالبات کو بھی سخت پریشانیوں کا سامنا کرناپڑرہاہے، حالاکہ ایس ڈی ایم دیوبند اور میونسپل بورڈ چیئرمین نے برسات سے قبل نالوں کی صفائی کرانے اور پانی نکاسی کی یقینی دہانی کرائی تھی لیکن اس راستہ کی حالت تاہنوز خستہ بنی ہوئی ہے، جس کے سبب یہاں علاقہ کے لوگوں میں سخت ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ دارالعلوم دیوبندسے متصل واقع مشہور بزرگوں کے قبرستان قاسمی قبرستان کے اندر اور باہر راستہ میں پانی بھرا ہواہے ،اتنا ہی نہیں بلکہ عابدی قبرستان ، پبلک گرلز انٹر کالج ،مدنی آئی ٹی آئی اور آئی ہسپتال کے راستہ میں بارش رکنے کے دو دن بعد تک بھی پانی بھرا ہواہے، جس کے سبب لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرناپڑرہاہے۔اتنا ہی نہیں بلکہ یہاں قبرستان میں فاتحہ پڑھنے کے لئے آنے والے لوگوں اور مہمانوںکو سخت پریشانی ہورہی ہے ،اس کے علاوہ پبلک گرلز انٹر کالج اور پبلک نرسری اینڈ جونیئر ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے آنے والی طالبات کو گندہ پانی سے ہوکر گزرنا پڑرہاہے، اس کے علاوہ دیگر اداروں میں پڑھنے کے لئے آنے والے طلبہ وطالبات اور مریضوں کو سخت پریشاینوںکا سامنا ہے، جس کے سبب اہل علاقہ میں میونسپل بورڈ کے تئیں سخت غصہ پایا جارہاہے ۔ واضح رہے کہ عیدالاضحی سے قبل ایس ڈی ایم سنجیو کمار نے میونسپل بورڈ ٹیم کے ساتھ اس پورے علاقہ کا معائنہ کرکے نالوں کی بہتر انداز میں صفائی کرانے اور پانی نکاسی کے نظام کو درست کرانے کے احکامات دیئے تھے لیکن تاہنوز صورتحال جوں کی توں برقرار بنی ہوئی ہے،جو لوگوںکے لئے پریشانوں کا سبب بن رہی ہے۔ آس پاس کے باشندوں نجم عثمانی، عدیل صدیقی، خورشیداحمد ،فیضی صدیقی،عامل شاہ،عشرت،انعام،شکیل ،سونو،عظیم وغیرہ کا کہناہے بارش کے بعد بھی راستہ میں مسلسل پانی بھرا ہواہے، متعدد مرتبہ شکایت کے بعد بھی اس مسئلہ کاحل نہیں کرایا جارہاہے۔ وہیں میونسپل بورڈ ای او دھریندر رائے کا کہناہے کہ نالوں کی صفائی کا کام چل رہاہے،اس نالے کی بھی صفائی کی گئی ہے، انہوں نے کہاکہ وہ خود اس علاقہ کا معائنہ کرکے نالے کی صفائی کرانے کے ساتھ پانی نکاسی کے نظام کو بہتر بنائینگے۔
0 Comments