Latest News

ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے لئے شجرکاری ضروری، حدیث نبوی کے مطابق شجرکاری صدقہ ہے: مولانا ابراہیم قاسمی، شجری کاری مہم کے تحت دیوبند میں متعدد مقامات پر لگائے گئے پیڑ پودے۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
شجر کاری مہم کے تحت صوبائی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی خصوصی اپیل پر سنیچر کے روز دیوبند اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے مذہبی تعلیمی اداروں اور عصری اداروں میں شجر کاری کی گئی اور ماحولیات کا حلف دلایا گیا ، تعلیمی اداروں کے علاوہ سول کورٹ اور دیگر سرکاری اداروں میںبھی شجرکاری کی گئی۔قاسم پورہ روڈ پر واقع جامعہ قاسمیہ دارالتعلیم والصنعہ میں ادارہ کے مہتمم مولانا محمد ابراہیم قاسمی کے ہاتھوں شجرکاری کی گئی ۔ اس موقع پر مولانا ابراہیم قاسمی نے شجر کاری کے سلسلہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ماحولیات کو دیکھتے ہوئے ہر انسان کو شجر کاری کرنی چاہئے اور کم سے کم ایک پیڑ ضرور لگانا چاہئے۔ انہو ں نے کہا کہ حدیث پاک میں شجر کاری کے حوالہ سے صریح ہدایات ملتی ہیں۔ ایک روایت میں شجر کاری کو صدقہ قرار دیتے ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو مسلمان درخت لگائے یا کھیتی کرے اور اس میں پرندے ، انسان اور جانور کھالے تو اس کے لئے صدقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت اللہ تعالیٰ کی وہ نعمت ہے جو موسمیاتی تبدیلی کا سبب بنتی ہےں، اس لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہئیں۔ اس موقع پر قاری محمد عارف، قاری سیف الاسلام، قاری محمد عفان، حافظ مکرم علی، حافظ محبوب عالم، حافظ محمد ارشاد، ڈاکٹر محمد احمد وغیرہ موجود رہے۔ 
اس کے علاوہ سول کورٹ احاطہ میں اپر ضلع جج ، سول بار ایسوسی ایشن کے صدر رویندر کمار پنڈیر کی قیادت میں افسران اور وکلاءنے مختلف قسم کے پودے لگائے ۔ اس موقع پر ضلع جج نے کہا کہ انسانی زندگی کے لئے ماحولیات کا بہتر ہونا ، آب وہوا کا کثافت سے پاک ہونا اور روئے زمین کامحفوظ ہونا نہایت ضروری ہے۔ شجرکاری اس پروگرام کے وقت نتن کمار ، ارشاد علی، ڈاکٹر سریندر پال، دیش دیپک تیاگی، سچن وغیرہ موجود رہے۔ 
اسی طرح ہوم گارڈ محکمہ کی جانب سے شانتا نو مہاراج کی کٹی پر شجر کاری کی گئی ، افسران نے برگد، پیپل ، نیم اور املی وغیرہ کے 250سے زائد پودے لگائے ۔ اس موقع پر تھانہ انچارج ایچ این سنگھ، مونو کمار، نند کشور، نریش کمار، پردیپ کمار وغیرہ موجود رہے۔ دیوبند بلاک کے دیہی علاقوں اور سرکاری اسکولوں میں بھی شجرکاری مہم چلائی گئی ، ساکھن کلاں ، بی بی پور، بابو پور، سانپلہ کھتری، ساکھن خورد، فتح پور، سلطان پور اور انبہٹہ شیخاں سمیت تمام پرائمری اور جونیئر ہائی اسکولوں میں بھی اساتذہ اور طلبہ نے شجرکاری کی۔ اس موقع پر توصیف احمد، نجم احمد، عظمیٰ پروین، انل چودھری، پردیپ شرما، افضال، شاہ فیصل مسعودی وغیرہ موجود رہے۔ اس کے علاوہ بھائیلہ پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج کے سکریٹری کمر پال سنگھ ایڈوکیٹ اور ڈائریکٹر ڈاکٹر بی ایس یادو نے بھی شجرکاری مہم میں شرکت کی۔ دوسری جانب دیوی کنڈ سنسکرت مہا ودھیالہ میں شجرکاری پروگرام کے مہمان خصوصی سہارنپور کمشنری کے سنسکرت تعلیمی اداروں کے نائب معائنہ کار سدھیر ، پرنسپل ڈاکٹر رجنی گویل سمیت دیگر افراد نے پیڑ پودے لگائے ۔ دیوبند کی ٹیچر کالونی میں سماجی کارکن بجیندر گپتا نے ماحولیات کے تحفظ کے پیش نظر درخت لگائے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر