Latest News

دیوبند: سماج کو جہیز کی لعنت سے پاک کرنے لئے کمیٹی تشکیل، ’قریش النکاح من سنتی گروپ‘ نے سادگی اور اسلامی طرز پر شادیاں کرانے کی مہم شروع کی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
مسلم سماج سے جہیز کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے ”قریش النکاح من سنتی گروپ“ کے نام سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے تمام ذمہ داران نے جہیز کی لعنت اور اس کے مضراثرات و مستقبل میں اس کے نقصانات سے برادری و معاشرہ کو باخبر کرنے لئے مہم شروع کی ہے۔گروپ نے مہم کی ابتدائی کرتے ہوئے اپنی برادری میں ہونے والی شادیوں میں موجود غلط رسومات کو ختم کرنے کے لئے کچھ اصول مرتب کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں تنظیم کے بانیان ڈاکٹر اسرار قریشی، حاجی سلیم قریشی، سپریم کورٹ کے وکیل صنور ایڈوکیٹ ، عبدالواحد قریشی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قریشی برادری میں اب شادی بیاہ کی رسومات نہایت سادگی اوراسلامی طرز پر کی جائیں جس میں جہیز کا لین دین نہیں ہوگا ، نکاح مسجدوں میں کرائے جائیں اور بینڈ باجہ یا آتش بازی کی رسومات بالکل ترک کرنے کا عہد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب جہیز کی نہ نمائش ہوگی اور نہ ہی جہیز کا لین دین ہوگا، بلکہ لڑکی کو اس کا شرعی حصہ دیا جائے گا ، اسی طرح لڑکے کی شادی بھی نہایت سادگی اور ولیمہ سنت طریقہ سے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سہرا بندھائی ، بھات دینا یا لینا، بیٹیوں کے یہاں بچوں کی پیدائش پر چھٹی کی رسم وغیرہ کو قطعی طور پر ترک کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ مذکورہ فضولیات کے اخراجات پر بندش لگاکر اپنے علاقوںمیں صحت وتندرستی کے نظریئے سے جم کھولے جائیں گے اورجگہ جگہ ڈسپنسریاں قائم کی جائیں گی اور ساتھ ساتھ اعلیٰ قسم کے زچہ بچہ وارڈ قائم کئے جائیں گے تاکہ یہاںکی خواتین کو دوسری جگہ جاکر بے پردگی اور شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈاکٹر اسرار احمد اور عبدالواحد قریشی نے کہا کہ اگرہم ان بری لعنتوںکو ختم کرنے میں کامیاب ہوگئے تو اس کے بہت اچھے اور دور رس نتائج برآمد ہوںگے۔ اسرار قریشی نے بتایا کہ قریشی برادری میں جہیز کا لین دین سب سے زیادہ ہے، اس لئے اس خراب رسم کو ختم کرنے کے لئے ہی ہم لوگوں نے قریش النکاح من سنتی گروپ کا قیام کیا ہے اور پورے علاقہ میں پروگرام کرکے لوگوں کو اس سلسلہ میں سمجھایا جارہاہے کہ نکاح سنت طریقہ پر کیا جائے اور فضول خرچی سے بچا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہیز ایک لعنت ہے ، اس سے بچنے کی کوشش کی جائے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر