Latest News

دیوبند: ریحان کی مشتبہ حالت میں موت، عشق میں ناکامی پر خودکشی کا امکان۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند کے قریبی گائوں اسّرپور گڑھی کے رہنے والے ایک نوجوان کی دیر شب مشتبہ حالات میں گولی لگنے سے موت ہوگئی، اس حادثہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے پنچ نامہ بھرکر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ ایک اطلاع کے مطابق اس پورے معاملہ کا تعلق ایک لڑکی کے ساتھ عاشقی بتایا جارہاہے جس کی وجہ سے نوجوان نے خودکشی کی ہے ، پولیس اس سلسلہ میں تحقیقات کررہی ہے۔ تفصیل کے مطابق تحصیل دیوبند کے گائوں اسّر پور گڑھی کے باشندہ منتظر کے گھر سے دیر رات گولی چلنے کی آواز آنے سے سنسنی پھیل گئی، گولی چلنے کی آواز سن کر اہل خانہ موقع پر دوڑ پڑے ،انہوںنے دیکھا کہ ان کے 21سالہ بیٹے ریحان کی لاش خون میں لت پت پڑی ہوئی ہے، ابتدا میں ریحان کا کمرہ اندر سے بند ملا ، لیکن آس پاس کے لوگوں نے کمرہ کا دروازہ توڑا تو ریحان خون میں لت پت پڑا ہوا تھا اور اس کی موت ہوچکی تھی ۔ اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی منتظر کے گھر پہنچ گئی اور اس نے تمام تفصیلات معلوم کرنے کے بعد پنچ نامہ بھرکر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ منتظر کی پانچ اولادوں میں ریحان سب سے چھوٹا تھا، گائوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ریحان کا کسی لڑکی کے ساتھ معاشقہ چل رہاتھا لیکن ابھی خودکشی کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔ تھانہ انچارج ایچ این سنگھ کا اس سلسلہ میں کہنا ہے کہ ابتدائی حالات کو دیکھتے ہوئے یہ معاملہ خودکشی کا معلوم ہورہا ہے ، لیکن پولیس کئی پہلوئوں کو سامنے رکھ کر تحقیق کررہی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریحان کے موبائل کی کال کی تفصیلات کی روشنی میں جانچ کی جارہی ہے، جانچ مکمل ہونے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کسی نتیجہ پر پہنچا جاسکے گا۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ ریحان کے اہل خانہ نے ابھی تک پولیس کو کوئی تحریر نہیں دی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر