سہارنپور:سمیر چودھری.
کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اورریاست اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت نے کہا کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں ہماچل پردیش اور ریاست کرناٹک کی طرح کانگریس پارٹی مرکز میں بھی تبدیلی کرنے میں کامیاب رہے گی۔ انہوںنے مرکزکی حکومت کی بی جے پی حکومت پر سی بی آئی اور ای ڈی جیسے آئینی اداروںکے غلط استعمال کا بھی الزام عائد کیا۔ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت آج سہارنپور میں واقع چکروتہ روڈ پر کانگریس کے سینئر لیڈر اور صحافی جاوید صابری کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ کانگریس نے ملک کو آزاد کرایا اور آئین کے ساتھ ملک کو سی بی آئی جیسے آئینی ادارہ قائم کرنے کاکام کیا۔ انہوںنے کہا کہ کانگریس کے دور اقتدارمیں ایک طرف جہاں سی بی آئی، ای ڈی ، انکم ٹیکس جیسے اداروں کا صحیح استعمال ہوتا تھا وہیں اب بی جے پی کی مرکزی حکومت ان آئینی اداروں کا غلط استعمال کرنے کا کام کررہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ہریش راوت نے کہا کہ ہماری کچھ غلطیاں تو رہی ہوںگی جو کانگریس کا بنیادی ووٹ مانا جانے والا مسلم اور دلت کانگریس سے خفا ہوگیا تھا ، اس سے کانگریس کو تو نقصان ہوا ہی ہے ، مگر ان طبقات کو بھی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ اترپردیش جیسی ریاست میں بھی مسلمانوں کی نمائندگی ، پارلیمنٹ اور اسمبلی میں کم ہوئی ہے۔ جہاں تک دلت اور مسلمانوں کو دوبارہ کانگریس کے ساتھ لانے کا سوال ہے تو کانگریس سبھی طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کا کام کرتی ہے۔ اتراکھنڈ سے میدانی علاقوں کے رہنے والے افراد کو نکالے جانے کے سوال پر ہریش راوت نے کہاکہ لو جہاد اور لینڈ جہاد بی جے پی کی فیکٹری میں بنائے گئے اور یہ ان کے ہتھیار ہیں۔ اتراکھنڈ کے لوگ سیدھے اور ایماندار ہیں ، انہیں لو جہاد اور لینڈ جہاد جیسے معاملات کا علم نہیں ہے۔ انہوںنے الزام عائد کیا کہ ریاست اتراکھنڈ سے مسلمانوں کو بھگانے والے اور نقل مکانی کرنے والے بی جے پی کے ہی لوگ تھے ،نقل مکانی کرنے والوںمیں بی جے پی اقلیتی سیل کے عہدیداران بھی تھے جس سے ثابت ہوتاہے کہ یہ بی جے پی کی ایک سوچی سمجھی سازش تھی تاکہ بے روزگاری ، مہنگائی اور بدعنوانی سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے۔ ہریش راوت کا کہنا تھا کہ اب عوام تبدیلی چاہتی ہے اور پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی کی قیادت میں یقینی طورپر تبدیلی ضرور آئے گی۔ قبل ازیں ہریش راوت نے بھیم آرمی کے رہنما چندر شیکھر آزاد سے ان کی رہائش گاہ پر جاکر ملاقات کی اوران کی مزاج پرسی کی اور ان پر ہوئے حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ چندر شیکھر پر حملہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کرایا گیا۔ اس دوران دونوں لیڈروں نے تنہائی میں ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیا اور تازہ صورت حال پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر پی سی سی ممبر جاوید صابری ، ریاستی سکریٹری ستیہ سیوم سینی، ضلع صدر مظفرگوجر،چودھری مہربان عالم، عارف خان، نوشاد احمد وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments