آزاد ادھیکار سینا کے قومی صدر اور سابق آئی پی ایس امیتابھ ٹھاکر نے کہاکہ بی جے پی حکومت میں کوئی بھی شخص محفوظ نہےں ہے، بی جے پی اقتدار حاصل کرنے کے لئے کچھ بھی کرسکتی ہے۔ انہوں نے بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر آزاد پر ہوئے جان لیوا حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں سیکورٹی اور حملہ کی سازش کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا۔
گزشتہ دیر شام بھیم آرمی کے چیف چندرشیکھر آزاد کی رہائش گاہ پر ان کا حال چال معلوم کرنے پہنچے امیتابھ ٹھاکر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کے حملوں کو وہ خود بھی بھگت چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یونیفارم سول کوڈ (UCC) بی جے پی کا ایک نیا انتخابی شگوفہ ہے تاکہ ملک میں یہ پیغام دیا جائے کہ ہم ایک مخصوص طبقے کو دبا پارہے ہیں۔ ایک طبقے کو خوش کرنے کے لئے (یو سی سی) لاگو کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تاکہ دوسرا طبقہ انہیں ووٹ دے کر کامیاب بنا سکے۔ امیتابھ ٹھاکر نے کہاکہ چندر شیکھر آزاد سیاست میں ابھرتا ہوا ستارہ ہے ، ان کی سیاست سے بہت سے لوگوں کی سیاست کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ یوپی کی جیلوں میں قتل ہورہے ہیں وہیں اترپردیش سرکار میں تھوڑی سی بھی سنجیدگی ہے تو چندر شیکھر آزاد کو سیکورٹی مہیا کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں قانون نظم ونسق کا دعویٰ کرنے والی سرکار میں لوگوں پر دن ہاڑے گولیاں چلائی جارہی ہیں، جیلوں اور عدالتوں میں قتل ہورہے ہیں ۔انہو ںنے کہا کہ آج ہم اس دور سے گزررہے ہیں جسے حکومت امرت کال کہہ رہی ہے ، اس امرت کال میں سچ بولنا گناہ ہوگیا ہے، سچ کے ساتھ رہنا گناہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں کو انصاف دلانے کے لئے آزاد ادھیکار پارٹی بنائی ہے جو مظلوم سماج کے حقوق کے لئے لڑائی لڑے گی۔ اس موقع پر سندیپ کامبوج، فیروز خان، ستیش راوت وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments