دیوبند: سمیر چودھری۔
عظیم علمی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند کے متصل واقع بزرگوں کے مشہور قاسمی قبرستان اور اس کے ملحق مدنی آئی اسپتال، مدنی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ وطالبات کے مشہور و معروف قدیم عصری تعلیمی ادارہ پبلک گرلز انٹر کالج کے راستے میں گزشتہ ایک ماہ سے زائد وقت سے برسات کا پانی بھرا ہواہے، چونکہ اس علاقہ میں پانی کی نکاسی کا معقول بندوبست نہ ہونے اور نالے وغیرہ کی بہتر طورپر صفائی نہ ہونے کے سبب سڑک پر بھرے پانی سے بدبو پھوٹنا شروع ہوگئی، تکلیف دہ بات یہ ہے کہ طلبہ اور خاص طورپر اسکول کالج کی طالبات کو اس گندے پانی سے گزر کر اپنے اداروں میں جانا پڑتاہے، لیکن میونسپل بورڈ اور انتظامیہ کی جانب سے وعدوں کے باوجود اس علاقہ کے مسئلہ کا کوئی مستقل حل نہیں نکا لاگیاہے، جس کے سبب لوگوں میں میونسپل بورڈ کے تئیں ناراضگی ہے۔
واضح ہو کہ شدید برسات ہونے کی وجہ سے مدنی روڈ،قاسمی قبرستان کے برابر کی گلی اور مذکورہ اداروں کو جانے والے راستوں اور مسجد کے سامنے آج بھی برسات کا گندہ پانی بھرا ہواہے، تقریباً ایک ماہ سے زائد وقت سے جمع برسات کے پانی سے اب بدبو پھیلنا شروع ہوگئی ، اس صورتحال سے طلبہ وطالبات کے ساتھ ساتھ آس پاس کے باشندے بھی سخت پریشان ہیں۔مذکورہ صورتحال کا کئی مرتبہ میونسپل بورڈ چیئرمین ،ایس ڈی ایم اور دیگر افسران کو موقع معائنہ کرایا جاچکاہے،جس پر صفائی اور پانی نکاسی کا نظام بنائے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی لیکن آج تک اس سلسلہ میں کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی اور راستہ کی حالت بدستور خراب بنی ہوئی ہے، جس کے سبب لوگوں میں میونسپل بورڈ کے تئیں سخت ناراضگی ہے۔ مدنی آئی ہسپتال کے انچارج فیضی صدیقی نے بتایا کہ پانی نکاسی اور راستہ کی صفائی کرانے کے متعلق متعدد مرتبہ افسران اور میونسپل بورڈ سے رابطہ کیا گیا، انتظامیہ کی یقین دہانی کے باوجود اب تک کچھ نہیں ہوا ہے،جس کے سبب آج بھی راستہ پر برسات کا پانی بھرا ہواہے،جس میں پھیل رہی بدبو سے بیماریاں پھیلنے کا خطرہ لاحق ہوگیاہے۔ انہوںنے میونسپل بورڈ کے چیئرمین اور ایس ڈی ایم سے مانگ کی ہے کہ اس صورت حال سے چھٹکارہ دلانے کے لئے جلد اقدامات کئے جائیں۔
0 Comments