Latest News

سہارنپور علاقہ میں تیزی سے پھیل رہاوائرل بخار، اسپتالوں میں مریضوں کی بھیڑ، ڈاکٹروں نے دیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کامشورہ۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
امس بھری گرمی کی وجہ سے شہر سے لے کر دیہی علاقوں تک وائرل بخار کا قہر تیزی سے پھیل رہاہے، تقریباً ہر گھر میں ایک ممبر چارپائی پر بخار کی وجہ سے تپ رہا ہے ۔ اسپتالوں کی اوپی ڈی دیگر دنوں کے مقابلے تقریباً دو گنا تک بڑھ گئی ہے، ضلع اسپتال میں ہر روز ایک ہزار سے زائد مریض علاج کروانے کے لئے آرہے ہیں، وہیں پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی مریضوں کی زبردست بھیڑ نظر آرہی ہے۔ ڈاکٹر بیماریوں سے بچنے کی صلاح مریضوں کو دے رہے ہیں ۔ ضلع اسپتال کی اوپی ڈی میں تقریباً 1490مریض ڈاکٹروں کو دکھانے کے لئے پہنچے ، پرچہ کاﺅنٹر پر صبح 9بجے سے ہی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی نظر آئیں، اسی طرح اوپی ڈی روم کے باہر بھی مریضوں کی اچھی خاصی بھیڑ نظر آئی ، سب سے زیادہ چھوٹے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو وائرل بخار اپنی زد میں لے رہا ہے۔ اتنا ہی نہیں ضلع اسپتال میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے سے بیڈ کم پڑگئے ہیں، ایک بیڈ پر دو دو مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے، جس کے سبب مریضوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، اتنا ہی نہیں دیہی علاقوں میں بھی اس وائرل نے قہر برپا کیا ہوا ہے، چھوٹے چھوٹے ڈاکٹروں کے یہاں بھی کافی بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سینئر فزیشین ڈاکٹر انشل گپتا نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے ، ایسے میں لوگ کھلے میں رکھی چیزیں سڑے گلے پھل وغیرہ کا کھانے میں استعمال نہ کریں ، گھر کا کھانا کھائیں اور محفوظ رہیں۔ باسی کھانا اور ٹھنڈا پانی پینے سے بھی پرہیز کریں ، دھوپ سے بچیں، پانی زیادہ پئیں، اگر الٹی دو تین بار سے زیادہ ہوجائے تو ڈاکٹروں سے مشورہ لے کر ہی دوا لیں۔ سردی زکام کے مریض سے دوری بنائیں رکھیں، اے سی نکل کر فوراً دھوپ میں جانے اور دھوپ سے اے سی میں آنے سے بچیں، اسی کے ساتھ ساتھ ٹھنڈا پانی پینے سے بچیں ، تازہ کھانا کھائیں، گندگی سے دور رہیں، بازار میں کھلے میں فروخت ہورہی کھانے کی اشیاءکھانے سے پرہیز کریں۔ وائرل بخار سے متاثر مریض سے دور رہیں جس سے انفیکشن نہ پھیلے، بارش میں بھیگنے سے بچیں، بارش میں بھیگ جائیں تو فوراً کپڑے بدل لیں، بیمار پڑنے پر دوسروں سے دوری بنائے رکھیں، وائرل بخار ہونے پر کم سے کم پانچ روز آرام کریں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر