جمعیة علماءشہر دیوبند کی ایک میٹنگ آج یہاں مدنی منزل میں منعقد ہوئی،جس کی صدارت تحصیل صدر چودھری صادق نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمود صدیقی نے انجام دیئے۔اس موقع پر معاشرہ میں پھیل رہی برائیوں پر گفتگو کرتے ہوئے جمعیة علماءشہر دیوبند کے صدر مفتی محمد شاکر قاسمی نے کہا کہ معاشرہ کی اصلاح ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت شادیوں میں ہورہے خرافات کے نتائج انتہائی بھیانک شکل میں ہمارے سامنے ظاہر ہورہے ہیں، بیٹیاں ارتداد کے دہانے پر کھڑی ہیں اور ہم رسم ورواج اور خرافات چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں،جس پر سنجیدگی سے غوروفکر کرنی کی ضرورت ہے۔شہر جنرل سکریٹری اسعد جمال فیضی نے کہا کہ فکری تہذیبی ارتداد کا مسئلہ انتہائی سنگین مسئلہ ہے، ہم سب کو اس سلسلے میں فکر مند ہونا چاہیے اور اس کے تدارک کی ہر ممکنہ کوشش کرنی چاہیے۔ شہر خازن محمد اسجد گور نے کہا کہ سماجی برائیاں معاشرہ سے اسلامی اقدار کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ بحیثیت رکن جمعیة علماءہم اپنے محلے اور شہر سے ان برائیوں کے خاتمہ کے لئے کوشش کریں اور لوگوں میں اسلامی اقدار کے حوالے سے بیداری لائیں۔جمعیة علماءضلع سہارنپور کے جنرل سکریٹری سید ذہین احمد نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیة علماءکا رکن ہونے کی وجہ سے ہم پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، پہلی ذمہ داری ہے کہ خود کو برائیوں اور گناہوں سے محفوظ رکھیں اور دوسری ذمہ داری ہے کہ معاشرہ کے ہر فرد کے لیے فکر مند ہوں، بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ ان کے عقائد محفوظ رہ سکیں، بچیوں کو فکری اور تہذیبی ارتداد سے بچانے کے لیے ان کے دلوں میں اسلامی اقدار اور شعائر کی قدرواہمیت بٹھائیں۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ جہیز، شادی کی دیگر رسوم، فکری ارتداد اور دیگر سماجی برائیوں کو دور کرنے کے لیے جمعیة علماءدیوبند یونٹ کے بینر تلے ہر ہفتے ’اصلاح معاشرہ‘ پروگرام منعقد کیا جائے گا، اس سلسلے کا پہلا پروگرام 30 ستمبر بروز سنیچر بعد نماز عشاءمحلہ گوجر واڑہ دیوبند میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ میں حاجی نسیم، محمد محترم، محمد یعقوب، محمد عارف، گلشن تیاگی، فہیم صدیقی، اور دیگر اراکین موجودرہے۔
0 Comments