کل ہندرابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند شاخ ضلع سہارنپور کے زیر اہتمام آج جامعہ رحمت گھگھرولی میں یک روزہ تدریب المعلمین کیمپ کا انعقاد مولانا محمد عاقل قاسمی صدر رابطہ مدارس اسلامیہ مغربی یوپی زون نمبر۳کی سرپرستی میں کیاگیا۔ جس کی صدارت مولانا محمد جمشید صدر رابطہ مدارس اسلامیہ ضلع سہارنپور نے کی۔جبکہ نظامت کے فرائض مولانا اطہر حقانی ناظم شاخ ضلع سہارنپور نے انجام دیئے۔ کیمپ میں زون نمبر 3 کے مختلف علاقوں سے مدارس کے ذمہ داران، اساتذہ اور اراکین و مدعوین خصوصی شریک ہوئے۔
اس موقع پرمولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی ناظم مغربی یوپی زون نمبر 3 نے تمہیدی کلمات کے ذیل میں کہا کہ رابطہ کا بنیادی مقصد نظام تعلیم وتربیت کو مستحکم بنانا ہے، اسی لئے رابطہ کے تحت مربوط مدارس کی ابتدائی عربی جماعتوں نیز حفظ وناظرہ کے اساتذہ کی تربیت کے لیے یک روزہ تربیتی کیمپ آج منعقد کیا گیا۔مولانا محمد عاقل قاسمی مہتمم جامعہ بدر العلوم گڑھی دولت نے اپنے کلیدی خطاب میں مدارس کے موجودہ نظام کی خامیوں و خوبیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مدارس میں کمزور بچوں کی جانب آہستہ آہستہ اساتذہ کی توجہ ختم ہو جاتی ہے، وہ محض ذہین طلبہ کے پڑھانے میں ہی دلچسپی رکھتے ہیں، یہ چیز اچھی نھیں ہے، اساتذہ طلبہ پر یکساں محنت کریںاور کمزور بچوں پر زیادہ توجہ دیں۔انھوں نے مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے مدارس میں سب درجوں کو پڑھانے کا نظام ایک ہو اور تمام اساتذہ کا طریقہ تدریس یکساں ہو۔
بطور مہمان خصوصی مولانا شوکت علی بستوی کل ہند ناظم عمومی رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند و استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند نے رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کے مقصد کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ رابطے کا بنیادی مقصد اپنے ادارے کو دارالعلوم کے نظام کے مطابق چلانا ہے۔ ہمارا مدرسہ اسی وقت کامیاب ہوگا جب اس میں اچھی انتظامیہ ،اچھے اساتذہ اور اچھے طلبہ ہونگے۔علاوہ ازیں مولانا محمد جمشید مہتمم جامعہ اسلامیہ ریڑھی ،مولانا حبیب اللہ مدنی مہتمم مدنی مدرسہ انبہٹہ پیر ،مفتی شریف خان قاسمی مہتمم دارالعلوم زکریا دیوبند و جنرل سکریٹری رابطہ مغربی یوپی زون، مولانا آصف ندوی ، مولانا شمعون، مولانا عبد الحلیم بادشاہی باغ وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔
کیمپ دو نشستوں پر مشتمل رہا، برائے عربی درجات میں مفتی جاوید قاسمی استاذ حدیث جامعہ بدر العلوم گڑھی دولت نے درس نظامی کی تدریس سے متعلق نہایت قیمتی اور معلومات افزا باتیں بتائیں نیز عملی طور پر تدریس کا طریقہ کار بھی سکھائے۔ناظرہ و حفظ قرآن کے لئے مخصوص نشست میں مولانا قاری محمد مسعود فلاحی نگراں شعبہ تجوید جامعہ مظاھر علوم سہارن پور نے حفظ و ناظرہ کی تدریس کے حوالے سے اپنے طویل تدریسی تجربے کی بنیاد پر اہم ترین باتوں کی طرف اساتذہ کی توجہ مبذول کرائی۔
اس دوران سامعین کے لئے سوالات کا سلسلہ شروع کیا گیا، جس میں مذکورہ بالا مدربین حضرات نے تسلی بخش جوابات دیئے۔ کیمپ کا اختتام مولانا عبد الخالق مغیثی ناظم تعلیمات جامعہ ہذا کے کلمات تشکر اور مولانا محمد عاقل قاسمی کی دعا پر ہوا۔قبل ازاں پروگرام کے آغاز میں تلاوت کلام اللہ قاری محمد اسجد جامعی استاذ و نعت عبد الصمد متعلم جامعہ ہذا نے پیش کی۔شرکاءمیں قاری سعید احمد نائب صدر، مفتی نصیر ریڑھی ، مولانا شمشیر الحسنی قاسمی، مفتی عطاءالرحمن جمیل نانکہ ، مولانا طیب مرزا پور ، قاری راشد، قاری ساجد ، قاری ناصر خانقاہ رائے پور، قاری عارف عمادپور، مولانا خلیل مرزاپور، مولانا الطاف رشیدی، قاری شوقین، حافظ عرفان دبھیڑا، مولانا اطہر زاھدی، قاری زبیر قاسمی، مولانا عطاءالرحمن کھجناو ¿ری، قاری شیر علی، مولانا بلال فتح پور،مولانا احسن زاھدی، مولانا اسلم عباس، قاری طالب بدری، مولانا عبدالرحمن ، مولانا نادر، مولانا سلیم کھجناوری، قاری ہارون کاشفی کے نام قابل ذکر ہیں۔جامعہ کے طلبہ و اساتذہ نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا تعاون پیش کیا۔
0 Comments