دیوبند: سمیر چودھری۔
مدارس اسلامیہ عربیہ مسلمانوں کی بنیادی دینی ضروریات کی کفالت کی خدمت کو بحسن و خوبی نبھا رہے ہیں، انہی کی روشن خدمات کے نتیجے میں مسلمانوں میں دینی شناخت باقی ہے دینی خدمات انجام دینے والی تحریکات میں مدارس اسلامیہ سب سے نمایاں اور ممتاز ہیں۔
ان خیالات کا اظہار دارالعلوم دیوبند کے استاد اور کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کے ناظم عمومی مولانا شوکت علی بستوی نے کیا۔ وہ رابطہ مدارس کے زیر اہتمام علاقے کی معروف دینی درسگاہ جامعہ کاشف العلوم چھٹمل پور میں منعقد ’تدریب المعلمین کیمپ‘ کی آخری نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم کی نہج پر دنیا بھر میں دینی مدارس قائم ہیں جو اپنے دائرہ کار میں اپنے اپنے حصے کی خدمات انجام دے رہے ہیں اور دنیا بھر کو علم واخلاق کے نور سے منور کر رہے ہیں۔
دارالعلوم دیوبند کے رکن شوری اور رابطہ مدارس کے مغربی یو پی زون نمبر تین کے صدر مولانا محمد عاقل قاسمی نے مدارس اسلامیہ کے تعلیمی اور مالی نظام کو مستحکم کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے قیام کا اصل مقصد مسلمانوں کو دینی علوم سے روشناس کرانا اور انہیں دین سے وابستہ رکھنا ہے اور اس کے لیے تعلیمی اور مالی نظام کا استحکام انتہائی ضروری ہے ۔دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم اور رابطہ مدارس مغربی یو پی زون نمبر تین کے ناظم عمومی مفتی شریف خان قاسمی نے تدریب المعلمین کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تربیت یافتہ استاد ہی نسل نو کی تربیت و تعلیم کی ذمہ داری کو بحسن خوبی نبھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلم کا مقام بہت بلند ہے اور یہ سماج کے سب سے مضبوط ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ رابطہ مدارس کے ضلع سہارنپور کی شاخ کے ناظم عمومی مولانا محمد اطہر حقانی نے کہا کہ ضلع سہارنپور کے تقریبا 300 مدارس دارالعلوم دیوبند سے مربوط ہیں جن میں کئی ہزار اساتذہ مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دیتے ہیں ان میں سے غیر تربیت یافتہ اساتذہ کی تدریب و تربیت انتہائی ضروری ہے جس کے لیے رابطے کی مقامی شاخ پابند عہد ہے۔ اس سال 6 مقامات پر تدریب المعلمین کے کیمپ منعقد کیے جانے ہیں۔ کاشف العلوم میں منعقد ہونے والا یہ کیمپ اس سلسلے کی تیسری کڑی ہے ،بقیہ حلقوں میں بھی آئندہ ہفتے میں تدریب المعلمین کیمپ کا انعقاد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپوں کی افادیت کے پیش نظر مربوط مدارس کے اساتذہ اور بڑی تعداد میں غیر مربوط مدارس کے اساتذہ بھی تدریب المعلمین کیمپوں سے استفادہ کر رہے ہیں جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔
پروگرام کا اغاز محمد مسعود کی تلاوت اور محمد محبوب کی نعت پاک سے ہوا۔ شعبہ حفظ و تجوی کے اساتذہ کی تدریب و تربیت کے لیے جامعہ مظاہر علوم سہارن پور کے شعبہ تجوید و قرات کے استاد مولانا قاری محمد مسعود فلاحی مظاہری نے اور شعبہ عربی کے اساتذہ کی تدریب و تربیت کے لیے مفتی محمد جاوید قاسمی نے اپنی گراں قدر خدمات پیش کیں۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد اطہر حقانی اور مفتی عطاءالرحمن جمیل قاسمی نے مشترکہ طور پر انجام دیئے۔ جامعہ کاشف العلوم کے ناظم مولانا محمد آصف ندوی کے اظہار تشکر اور مولانا محمد ہاشم قاسمی مہتمم جامعہ کی پرسوز دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ خصوصی شرکا میں مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی، مولانا شاہد مظاہری، مولانا عبد الواجد ریڑھی، مولانا محمد ناظم قاسمی، مولانا محمد اشتیاق قاسمی، مولانا حبیب اللہ قاسمی، مولانا محمد طاہر، قاری محمد ساجد، مولانا محمد عارف قاسمی کے نام قابل ذکر ہیں۔
0 Comments