سابق ایم ایل سی حاجی محمد اقبال کی کروڑوں روپئے ضبط کی گئی جائیدادوں کروڑوں روپیہ کی گھوٹالہ کرنے کے ملزم انسپکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انسپکٹر نے کچھ عرصہ قبل کروڑوں روپیہ کی پچیس بیگھ زمین کا بیع نامہ محض 48لاکھ روپئے میں اپنی اہلیہ کے نام کرا دیا تھا، شکایت کے بعد جس کی انکوائری ایس پی ٹریفک کے ذریعہ کی گئی اور جانچ رپورٹ آنے کے بعد مذکورہ انسپکٹر کو ایس ایس پی نے معطل کر دیا۔ ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڑا نے مرزا پور کے انسپکٹر نریش کمار کومعطل کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمہ کی جانچ کرائے جانے کا بھی حکم دیا ہے۔ واضح ہو کہ مرزا پور کے انسپکٹر پر کچھ دنوں سے یہ الزامات عائد کئے جا رہے تھے کہ انہوں نے اپنے عہدے کا ناجائز طریقے سے استعمال کرتے ہوئے فرار چل رہے سابق ایم ایل سی حاجی اقبال کی بے نامی جائدادکو اپنی اہلیہ کے نام رجسٹرڈ کرا دیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گاﺅں کے لوگو ں کو خوف زدہ کر کے نریش کمار نے کروڑوں روپئے کی زمین کا بیع نامہ اپنی اہلیہ کے نام چند لاکھ روپئے میں دکھا کر کرادیا، سب سے پہلے اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ سے اس کی شکایت کی گئی لیکن جب کوئی کاروائی نہیں ہوئی تو یہ معاملہ ڈی ایم اور پھر وزیر اعلیٰ تک پہنچا ، بعد ازاں ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڑا نے ایس پی ٹریفک کو مذکو رہ الزامات کی جانچ کرنے کے لیے ذمہ داری سونپی اور جانچ رپورٹ آنے کے بعد انسپکٹر نریش کمار کو لائن حاضر کر دیا، لیکن اب ابتدائی جانچ میں تمام الزامات صحیح پائے جانے پر نریش کمار کو معطل کر دیا گیا ہے۔
0 Comments