Latest News

مولانا ظہور قاسمی ؒ کے انتقال سے قوم ایک سچے ہمدرد اور مخلص رہنما سے محروم ہو گئی: مولانا شمشیر قاسمی، مولانا ظہور احمد کی وفات پر متعدد دینی اداروں میں دعائے ایصال ثواب کا اہتمام۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
معروف عالم دین اور قوم و ملت کے سچے ہمدرد و خدمتگار جمعیة علماءہند کے ضلع صدر و جامعہ مظاہر علوم وقف سہارنپور کے استاذ حدیث و تفسیر مولانا ظہور احمد قاسمیؒ کی وفات پر دینی مدارس و مکاتب میں تعزیتی نشستوں اور قرآن و خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی مناسبت سے آج یہاں قصبہ رامپور منیہاران سے متصل موضع چررہو میں واقع دینی ادارہ مدرسہ جامعہ دعوت الحق معینیہ میں تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیاگیا،اس دوران قرآن خوانی کرکے مرحوم کے لئے دعائے ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر ادارہ کے ناظم اعلیٰ مولانا شمشیر قاسمی نے کہا کہ حضرت مولانا ظہور احمد قاسمی ؒ ایک عظیم عالم دین تھے جو زندگی بھر علم کی روشنی پھیلاتے رہے۔انہوں نے جہیز کے نظام اور نشے کی برائیوں کے خلاف ایک بھرپور مہم چلائی ،جس کے نتیجے میں بہت سے لوگوں کی زندگیاں بدل گئیں۔جمعیة علماءہند کے مغربی ریاستی صدر رہتے ہوئے انہوں نے ہر ضلع میں بھائی چارہ کانفرنسیں منعقد کرکے امن و امان کا پیغام دیا اور ہمیشہ حق و انصاف کی بے خوف آواز اٹھائی۔ مولانا ارشد نے کہا کہ حضرت مولانا ظہور احمد قاسمی اپنی سادگی اور نیک طبیعت کی وجہ سے مشہور تھے، وہ دن رات انسانیت کی بھلائی اور ترقی کے لیے سوچتے تھے۔ مولانا ظہور احمد قاسمی کا انتقال ملت کا بڑا خسارہ ہے۔ پروگرام کی صدارت مدرسہ کے منیجر حاجی شمشاد نے کی اور نظامت مولانا حسین نے کی۔ اس دوران مولانا طیب، حافظ شرافت، صادق پردھان، چودھری، نعیم، فاروق، شاہ دین، عبدالقادر، ارشد، تنصیف، عاشق بلال وغیرہ سمیت جملہ اساتذہ وطلبہ اور بستی کے لوگ موجودرہے۔
وہیں دیوبند کے قاسم پورہ روڈ پرواقع مہتمم مولانا ابراہیم قاسمی کی ہدایت پر جامعہ قاسمیہ دارلتعلیم و الصنعہ میں قرآن خوانی کرکے مولانا مرحوم کے لئے دعائے ایصال ثواب کا اہتمام کیاگیا۔ عمرہ کرنے مقدس شہر گئے مولانا ابراہیم قاسمی نے مولانا ظہور قاسمیؒ کے لئے خصوصی دعاءکا اہتمام کیا۔ 
ادھرگنگوہ علاقہ میں واقع موضع گھاٹم پور میں مدرسہ ضیاءالعلوم بھی تعزیتی مجلس کے دوران قرآن کریم کا ختم کرکے مولانا ظہور احمد قاسمی کے لئے خصوصی دعاءکی گئی، اس موقع پر ادارہ کے مہتمم مولانا الطاف رشیدی نے مولانا ظہور احمد قاسمی کی حیات و خدمات پر تفصیلی روشنی ڈلی۔
اتراکھنڈ کے پرتیت پوردھرماوالا کی مسجدعائشہ بھی دعائے مغفرت کا اہتمام کیاگیا۔ اس موقع پر مسجد کے امام وخطیب مولاناارشدرشیدی نے سرکردہ رہنما مولا ناظہور احمد قاسمی کی وفات پر اپنے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے پورا علاقہ سوگوار ہے اور دینی خدام کو بطور خاص دلی صدمہ پہنچا ہے، کیوں کہ مولانا ظہوراحمد اپنے راحت وآرام کی پرواہ کئے بغیر دین وملت کے تقاضوں پر دھیان دینے والے بے باک ملی پیشوا تھے ، یقینا ایسے مخلص اور جری رہنما کی وفات بہت بڑا خسارہ ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر