Latest News

مولانا ظہور احمد قاسمیؒ کے اندر بزرگوں کا عکس نمایاں طورپر موجود تھا، مولانا مرحومؒ بے پناہ خوبیوں اور کمالات کی شخصیت کے مالک تھے، شیخ الہند ہال دیوبند میں منعقد تعزیتی اجلاس میں مفتی ابوالقاسم نعمانی اور مولانا محمو د مدنی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
مجاہد ملت مولانا ظہور احمد قاسمی ؒ کے انتقال پر آج یہاں عیدگاہ روڈ پرواقع شیخ الہند ہال میں ضلع جمعیۃ کے زیر اہتمام ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیاگیا، جس میں اہم شخصیات نے مرحوم ؒ کی خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس کی صدارت رکن شوریٰ و صدر جمعیۃ علماء مغربی یوپی کے صدر مولانا محمد عاقل قاسمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمود صدیقی نے انجام دیئے۔
اس موقع پر مہتمم دارالعلوم دیوبند مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اپنے خطاب کے دوران مولانا ظہور احمد قاسمیؒ کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی اور کہاکہ مرحوم ایسی مضبوطی شخصیت کے مالک تھے ،جنہوںنے اپنے آخری وقت تک قوم وملت کی خدمات انجام دیں، پوری زندگی درس و تدریس کے ساتھ خدمت خلق میں گزاری ہے، دن میں خلق خدا کی خدمت اور رات میں خالق ِ خلق کی بارگاہ میں سربسجود رہتے، ایسی عملی شخصیات کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی ہے، ان کا انتقال نہ صرف جمعیۃ علماءضلع سہارنپور بلکہ پوری ملت بالخصوص اہل علاقہ کا عظیم خسارہ ہے، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ 
صدر جمعیۃ علماءہند مولانا سید محمود اسعد مدنی نے اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا ظہور احمد قاسمیؒ کی نصف صدی سے زائد عرصہ پر محیط جمعیة علماءہند کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہاکہ مولانا مرحومؒ صرف جمعیۃ علماء سہارنپور کی نہیں بلکہ مرکزی شخصیت تھے، جن کے اندر بزرگوں کا عکس نمایاں طورپر محسوس کیا جاتا تھا، مولانا کے اندر جماعت کی خدمت کے ساتھ ساتھ قوم و ملت کی خدمت کا ایساجذبہ تھا، جو آج کے وقت میں کمیاب ہے، وہ ایک ساتھ درس و تدریس کے ساتھ ملت اور جماعت کی خدمات انجام دیتے تھے، جن کے اندر خلوص و للہیت کا جذبہ موجزن تھا۔ مولانا مرحوم ؒ کی جماعت کے لئے دی گئی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتاہے، اللہ تعالیٰ مولانا کی مغفرت فرماکر درجات بلند فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
دارالعلوم دیوبند کے نائب مفتی راشد اعظمی، جمعیة علماءہند کے نائب صدر مولانا سلمان بجنوری اور جمعیة علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کے خدو خال اور نقوش ان کے دنیا سے جانے کے بعد بھی باقی رہتے ہیں، ایسی ہی شخصیت کے مالک مولانا ظہور احمد تھے، مولانا مرحوم کی خوبیوں، کمالات اور خدمات کا ہر کوئی معترف ہے۔ صدر مجلس مولانا محمد عاقل قاسمی، جمعیة تحصیل رامپور منیہاران کے صدر مفتی عارف مظاہری اور رکن مجلس منتظمہ مولانا شمشیر قاسمی کہاکہ مولانا ظہور احمد قاسمی کا انتقال نہ صرف جمعیة علماءبلکہ ملت اسلامیہ بالخصوص اس علاقہ کا بڑا نقصان ہے۔ 
علاوہ ازیں قاری ذاکر مظفرنگر، مفتی بن یامین مظفرنگر، مفتی محمد طیب قاسمی، قاری منور نکوڑ، مولانا سرتاج صدر تحصیل سہارنپور، مولانا عرفان تحصیل دیوبند، نائب صدر مولانا گلفام، قاری دلشاد، مفتی محمد شاکر قاسمی، اسعد جمال فیضی وغیرہ نے بھی اپنے خطاب کے دوران مولانا ظہور احمد کی خدمات اور ان کی شخصیت پر روشنی ڈالی۔ 
آخر میں پروگرام کنوینر ضلع جنرل سکریٹری سید ذہین احمد نے سبھی کا شکریہ اداکیا۔ پروگرام میں خصوصی طورپر مولانا ظہور کے بیٹے چودھری انعام پردھان، قاری محمد عارف، مفتی مدثر قاسمی، مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سیہل صدیقی، مولانا طاہر، مولانا مبین بہٹ، مولانا الطاف رشیدی، قاری زبیر احمدقاسمی، چودھری صادق، سرور چودھری، صادق صدیقی سمیت جمعیۃ علماءسہارنپور کے عہدیدان وکارکنان نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر