دیوبند پولیس نے پر ریلوے کا قیمتی سامان چوری کرنے والے گروہ کا پردفاش کرتے ہوئے ایک چور کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے چوری کئے جانے والے ریلوے لائن کے لوہے کے سلیپر اور ریلوے لائن سے متعلق دوسرا سامان بڑی مقدار میں برآمد کیا ہے،جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،جن کو پولیس تلاش کررہی ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتا ر کیا جانے والا ملزم دوسرے سامان کے ساتھ ریلوے لائن کا سامان چوری کر کے ایک پک اپ میں بھر کر کسی دوسرے مقام پر فروخت کرنے کے لئے لے جانے والا تھا، پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اس کو گرفتار کرنے کے وقت ملزم کے تین دیگر ساتھی جاوید عرف ڈیوہ ولد جمشید ساکن پٹھان پورہ دیوبند ،خالد اور عظیم پولیس کی گرفت سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ جن کی تلاش میں پولیس لگی ہوئی ہے، پولیس نے بتایا کہ بھائیلہ ریلوے پھاٹک کے قریب واقع اصغریہ مدرسہ کے قریب محلہ خانقاہ کا باشندہ فیضان ولد انیس ریلوے کا چوری کیا ہوا سامان پک اپ میں بھر کر کسی دوسرے مقام پر جانے کی تیاری کر رہا تھا کہ مخبر کی اطلاع پر پولیس نے اس کو گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار کئے گئے فیضان کے قبضہ سے پولیس نے ریلوے لائن پٹری کے 52ٹکڑے ، 10لوہے کے سلیپر، مختلف قسم کی 12پلیٹیں، ریلوے لائن کی 20چابی اور ایک الیکٹرانک کانٹے سمیت ایک چاقو بھی بر آمد کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پہچان چھپانے کے لئے ملزم نے پک اپ کی نمبر پلیٹ بھی تبدیل کر رکھی تھی ، لیکن پولیس نے گاڑی کی اصل نمبر پلیٹ برآمد کر لی ہے۔ کوتوالی انچارج صوبے سنگھ نے بتایا کہ پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار کئے گئے ملزم نے بتایا کہ وہ ریلوے کے اس سامان کو کسی کباڑی کو فروخت کرنے والا تھا۔ کوتوالی انچارج نے بتایا کہ گرفتار کیا گیا ملزم پہلے بھی چوری کی کئی سنگین دفعات کے تحت پولیس کو مطلوب تھا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کے دیگر تین فرار ساتھیوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
0 Comments