Latest News

دیوبند علاقہ میں مندر کی مورتیاں توڑ کر ماحول خراب کرنے کی کوشش۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
شرپسند عناصر کے ذریعہ علاقہ کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی ، پولیس انتظامیہ اور علاقہ کے ذمہ داران کی مداخلت کے بعد ماحول پرامن ہوا۔ شرپسند عناصر کے ذریعہ مندر میں مورتیوں کو نقصان پہنچانے کی خبر سے پورے علاقہ میں غصہ کی لہر دو ڑگئی۔ بڑی تعداد میں مرد وخواتین گاﺅں میں واقع مندر کے قریب جمع ہوگئے اور ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ 

تفصیل کے مطابق دیوبند کے قریبی گاﺅں بھائیلہ خورد میں واقع قدیم مندر میں رکھی ہوئی مورتیوں کو توڑنے کی اطلاع جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، لوگوں میں غصہ کی لہر دوڑگئی اور گاﺅں کے مرد وخواتین موقع پر جمع ہوگئے، شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی ضد پر اڑ گئے۔ مورتی ٹوٹنے کی اطلاع آج صبح علاقہ کے لوگوں کو اس وقت ہوئی جب وہ پوجا کرنے مندر پہنچے ۔ انہوں نے دیکھا کہ مندر کے اندر واقع تمام مورتیاں ٹوٹی ہوئی پڑی ہیں اور شرپسندوں نے ہتھوڑا اور چھینی سے مورتیوں کو نقصان پہنچا رکھا ہے۔ راجپوت اکثریتی علاقہ کے گاﺅں بھائیلہ میں پیش آئے واقعہ کے بعد علاقہ میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا، علاقہ کے لوگوں کے غصہ کو دیکھتے ہوئے دیوبند ایس ڈی ایم ، سی او اور تحصیل دار فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور ہنگامہ کررہے افراد کو اس یقین دہانی کے بعد خاموش کرایا کہ شرپسند عناصر کے خلاف جلد از جلد سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ پولیس انتظامیہ نے پولیس کی ایک ٹیم کو گاﺅں کے ذمہ داران کے ساتھ ہری دوار کے لئے روانہ کیا جہاں سے وہ نئی مورتیاں لاکر مندر میں دوبارہ لگائیں گے اور گاﺅں کے حالات پر نظر رکھنے کے لئے پولیس نے اضافی فورس کو مندر کے آس پاس تعینات کردیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع دیوبند اسمبلی حلقہ کے رکن کنور برجیش نے گاﺅں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور افسران کو جلد از جلد مثبت کارروائی کی ہدایت دی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر