دیوبند: سمیر چودھری۔
رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند شاخ ضلع سہارنپور کے زیر اہتمام ضلع بھر میں منعقد کیے جا رہے سلسلہ وار تدریب المعلمین کیمپوں کی چوتھی کڑی کے طور پر تحصیل نکوڑ کا تدریب المعلمین کیمپ آج یہاں دارالعلوم رشیدیہ گنگوہ میں زیر صدارت مولانا مفتی محمد عمران قاسمی مہتمم جامعہ احمد العلوم خانپور منعقد ہوا، نظامت کے فرائض مولانا محمد اطہر حقانی ندوی نے انجام دیئے۔ طالب علم محمد سفیان کی تلاوت اور محمد مزمل کی نعت پاک سے اجلاس کا آغازہوا۔ بحیثیت مہمان خصوصی رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کے کل ہند ناظم عمومی مولانا شوکت علی بستوی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ دارالعلوم اور اس کی نہج پر قائم دینی مدارس میں جاری درس نظامی کے نصاب کے ذریعے ہی ایسی عبقری شخصیات وجود میں آئی ہیں جنہوں نے مختلف میدانوں میں نمایاں کارنامے انجام دیے ہیں۔ انہوں نے اہل مدارس سے نظام تعلیم ٹھوس اور مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کمزور اور لچر نظام اچھے افراد پیدا نہیں کر سکتا ۔رابطہ مدارس مغربی یوپی زون نمبر تین کے صدر اور دارالعلوم دیوبند کے رکن شوری مولانا محمد عاقل قاسمی نے کہا کہ تدریب المعلمین کے اس نظام کا مقصد مدارس اسلامیہ کو باصلاحیت اور تجربہ کار اساتذہ مہیا کرانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نظام تعلیم کی مضبوطی و استحکام کا دارومدار ماہر فن اور ٹرینڈ اساتذہ پر ہوتا ہے۔ انہوں نے ضلع سہارنپور میں کامیاب کیمپوں کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مقامی ذمہ داران کی ستائش کی۔ جمعیت علماءکی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے ناظم عمومی مولانا سید ازہر مدنی نے اخلاص و للہیت کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ دلوں کی اصلاح کرنے دلوں کی دنیاآباد کرنے اور دلوں پر محنت کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کا مقصد دینی تعلیم ہی نہیں بلکہ اسلامی و اخلاقی خطوط پر نسل انسانی کی تربیت کرنا بھی ہے جو تمام انبیاءکرام کا شیوہ رہا ہے۔جنرل سکریٹری مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے قدامت پسندی اور جدت پسندی کی درمیانی راہ حقیقت پسندی کو اپنانے کی تلقین کی۔ مفتی محمد عمران قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں تدریب المعلمین کی اہمیت وافادیت بیان کرتے ہوئے رابطہ مدارس کے اِن اہم اقدام کی ستائش کی۔ شعبہ حفظ و تجوید کی تدریب کے لیے مولانا محمد بابر قاسمی استاذ دارالعلوم زکریا دیوبند اور شعبہ عربی کی تدریب کے لیے مفتی محمد جاوید قاسمی استاذ جامعہ بدرالعلوم گڑھی دولت نے اپنی گرا نقدر خدمات پیش کی۔ دارالعلوم رشیدیہ کے مہتمم مولانا محمد اکرام فلاحی گنگوہی اور رابطہ مدارس ضلع سہارنپور کے ناظم مولانا محمد مستقیم رشیدی کیمپ کے انعقاد میں خصوصی تعاون کیا۔شیخ الحدیث مولانا محمد انور مظاہری کی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ خصوصی شرکا میں مولانا عبدالواجد ریڑھی ،مفتی محمد عارف قاسمی، مولانا محمد شمشیر قاسمی اور مولانا محمد ریاض ندوی کے نام قابل ذکر ہیں۔
0 Comments