Latest News

عمران مسعود کی گھرواپسی، حامیوں کے ساتھ دہلی پہنچ کر کانگریس ہیڈ کوارٹر میں لی پارٹی کی رکنیت۔

دیوبند: سمیر چودھری۔

سہارنپور کے قدر آور لیڈر اور سابق ایم ایل اے عمران مسعود نے ہفتہ کو دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر میں پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ عمران مسعود پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور ریاستی صدر اجے رائے کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہوئے۔ وہ کثیر تعداد میں اپنے حامیوں کے ساتھ ہفتے کے روز دہلی میں واقع کانگریس کے مرکزی دفتر پہنچے تھے۔
وہیں عمران مسعود کے کانگریس میں شامل ہونے پر یوپی کانگریس کے صدر اجے رائے نے کہا کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے بعد پورے ملک کا ماحول بدل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب نے دیکھا ہو گا کہ کانگریس نے شمالی ہندوستان میں زبردست جیت حاصل کی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران مسعود نے کہا کہ میں پہلے بھی کانگریس کا سپاہی رہ چکا ہوں۔ حالات کی وجہ سے وہ تقریباً ڈیڑھ سال قبل پارٹی سے الگ ہو اتھا، تاہم اب دوبارہ اپنے گھر واپسی کرلی ہے، موجودہ حالات میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا شروع کی تھی جس کے بعد تبدیلی کا دور شروع ہوا۔ کانگریس کی پریس کانفرنس کے دوران انتخابی ٹکٹ حاصل کرنے اور الیکشن لڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی کرے گی۔پارٹی میں واپسی پر عمران مسعود نے کہا کہ یہ میرے لیے فخر کی بات ہے۔ آج کانگریس میں شامل ہونے کے لیے میں دل کی گہرائیوں سے اعلیٰ کمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب آئندہ جو بھی پروگرام ہوں گے وہ پارٹی کی پالیسی کے مطابق ہوں گے۔ جلد از جلد سہارنپور میں پارٹی کے بینر تلے بڑے پیمانے پر جلسہ منعقد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔واضح رہے کہ عمران مسعود تقریباً دو سال پہلے تک کانگریس میں تھے لیکن وہ کانگریس چھوڑ کر ایس پی میں شامل ہو گئے تھے۔ تاہم وہ زیادہ دنوں تک ایس پی میں نہیں رہے اور پھر بی ایس پی میں شامل ہوگئے۔ تقریبا ڈیڑھ ماہ قبل بی ایس پی نے عمران کو راہول گاندھی کی تعریف کرنے پر پارٹی سے نکال دیا تھا۔


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر