مدارس اسلامیہ کے درپیش مسائل اور تعلیمی نظام کو بہتر و منظم اورمستحکم بنانے کے لئے کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کی مرکزی مجلس عاملہ کا یک روزہ اجلاس ہفتہ یعنی 21 اکتوبرکو دارالعلوم دیوبند کے مہمان خانہ میں منعقد ہوگا۔ جس میں تمام اراکین عاملہ اور مدعوئین خصوصی کو ایجنڈے کے ساتھ دعوت نامے ارسال کردیئے گئے، آج جمعہ کے روز سے دارالعلوم دیوبند میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند، ملک کے مدارس اسلامیہ کی ایک مضبوط تنظیم ہے، جس کے تحت ملک میں تقریباً پانچ ہزار مدار س اسلامیہ کام کررہے ہیں، جبکہ ہزاروں غیر مربوط مدارس بھی رابطہ کی زیر نگرانی ہیں۔ تمام مربوط اور غیر مربوط مدارس کے نظام تعلیم کو مستحکم بنانے، مدارس اسلامیہ کے درپیش مسائل کے سدباب، اجتماعی امتحان کے نظام کو وسعت دینے و مضبوط بنانے اور مزید حالات کے تقاضوں کے مطابق 21 اکتوبر کو صبح نو بجے سے کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا دونشستوں پر یک روزہ اجلاس دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کے صدر مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی صدارت میں منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے عاملہ کے جملہ 51 ممبران اور مدعوئین خصوصی کی شرکت کرینگے۔
اس سلسلہ میں کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کے ناظم مولانا شوکت بستوی نے اس اجلاس کے حوالہ سے بتایاکہ عاملہ کا اجلاس حسب معمول منعقد ہورہاہے، سال میں ایک مرتبہ مرکزی مجلس عاملہ کا یہ اجلاس منعقد ہوتاہے، جس کے کل 51 ممبران ہیں جبکہ مدعوئین خصوصی کی شمولیت کے ساتھ کل 62 اراکین شرکت کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ اس عاملہ میں کل 51 ارکان ہے، جن میں دس دارالعلوم دیوبند کے اراکین شوریٰ، دس اساتذہ دارالعلوم دیوبند جبکہ 31 ملک کے دیگر علماءاور مدارس کے ذمہ داران شامل ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ اجلاس میں مدارس کے نظام تعلیم کو مزید بہتر و مستحکم بنانے، مکاتب قائم کرنے اور مکاتب میں تعلیم و تربیت کو منظم کرنے و مدارس کی درپیش مشکلات جیسے مسائل زیر غور ہونگے۔
0 Comments