Latest News

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم دنیائے انسانیت کی سب سے عظیم شخصیت، اسلامیہ ڈگری کالج سہارنپور میں عید میلاد النبی کے تحت طالبات کے درمیان مقابلہ جاتی پروگرام منعقد۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔
اسلامیہ ڈگری کالج سہارنپور میں کے سالانہ عید میلاد النبی پروگرام میں طلبہ وطالبا ت کے درمیان نعت خوانی اور تقریری انعامی مقابلہ کا انعقاد کیا گیا، جسکی صدارت کالج کی منتظمہ کمیٹی کے صدر الحاج ماسٹر فیّاض انصاری نے کی اور نظامت نصرت پروین نے کی۔ انعامی مقابلہ میں کل 14طالبات نے حصہ لیا، اس میں طالب علم شامل نہیں ہوا۔نعت میں اوّل پوزیشس ثناءصدّیقی، دوم نبیہ (بی کام) تقریر میں پہلا انعام صائمہ ارشد، دوم ثناءملک، سوم مرحبا، چہارم انعام نبیہ کو دیا گیا۔ انعام میں مومینٹو کے علاوہ نقد رقم پروگرام کے صدر کی جانب سے دی گئی۔ مقابلہ حصّہ لینے والی دیگر طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے میڈل اور سو، 100روپئے نقد دیئے گئے ۔مقابلہ میں شرکت کرنے والی دیگر طالبات میں نفیسہ،ارم، آمنہ، نسرین، درخشاں، انشائ، مہک اور آسیہ کا نام شامل ہے۔ اس روح پرور پروگرام میں طالبات کے علاوہ کالج کے تدریسی اسٹاف نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پروگرام کے کنوینر اور اردو شعبہ کے استاد ڈاکٹر غضنفر زیدی نے اپنی لکھی ہوئی نعت پیش کی۔ 
ان کے علاوہ ماسٹر فیّاض انصاری ، کالج کے اسسٹنٹ منیجر قاضی شوکت حسین اور نامور صحافی ڈاکٹر شاہد زبیری نے سیرت ِ رسول کے مختلف گوشوں پر اظہارِ خیال کیا۔قاضی شوکت حسین نے کہا کہ حضورِ اکرم کی حیاتِ مبارکہ زندگی کے ہر شعبہ میں انسانیت کی رہنمائی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رہنمائی پانے کیلئے سیرتِ رسول کا مطالعہ ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ وطالبات سے اپنے کردارو اخلاق کو بہتر بنانے کی تلقین کی ۔ڈاکٹر شاہد زبیری نے کہا کہ دنیا ئے انسانیت کی حضورِ اکرمایسی پہلی عظیم شخصیت ہیں، جنہوں نے لڑکیوں کو جینے کا حق دلایا بلکہ ان کے حقوق بھی متعیّن کئے اور ان کے وجود کو معاشرہ میں تسلیم کرایا ہے۔
الحاج ماسٹر فیّاض انصاری نے مقابلہ میں حصّہ لینے والی طالبات کی ستائش کی اور کہا کہ مسلم معاشرہ کی تصویر کو بہتر بنانے کیلئے اسوئہ رسول پر چلنا لازمی ہے۔شرکت کرنے والے تدریسی اسٹاف میں نائب پرنسپل آرتی جین، ڈاکٹر روچی جین، ڈاکٹر ندھی گرگ، ریحانہ پروین، دیبا فرحت،سمیّہ اقبال ،بشریٰ گلشن، ڈاکٹر ندیم، ضمیر اقبال اور پنڈت آنند شرما نمایاں تھے ۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر