ہریانہ کے نوح ضلع میں فسادمتاثرین کی مدد و تعاون کے لئے شہر و ضلع سہارنپور کی فعال تنظیم’ متحدہ مجلس عمل‘ کے ایک راحتی وفد نے ہریانہ کے نوح میں متاثرہ مقامات کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کرکے ان کا نقد تعاون کیا۔
راحتی وفد نوح میں مدرسہ عین الاسلام میں پہنچا جہاں پر ادارہ کے مہتمم مولانا ایوب اور انکے صاحبزادگان نے وفد کا استقبال کیا۔اس دوران 20 فساد متاثرین میں سے ہر ایک کو 10-10 ہزار روپے اہل سہارنپور کی جانب سے دیئے گئے تاکہ متاثرین کچھ مدد ہوسکے اور وہ اپنی ضروریات زندگی پوری کرسکیں۔اسی طرح وفد نے ایک خاص رقم ان جیل میں بند نوجوانوں کی قانونی امداد کے لئے بھی پیش کی جنہیں غلط طریقے سے ماخوذ کیا گیا تاکہ ان کو رہائی کی راہ ہموار ہوسکے۔16 افراد پر مشتمل یہ وفد مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی مرکزی سکریٹری شعبہ دینی تعلیم آل انڈیا ملی کونسل و ترجمان متحدہ مجلس عمل پروفیسر شیر شاہ اعظم کی قیادت میں نوح پہنچا تھا۔یہ خاص مدد اور تعاون شہر سہارنپور کے اہل خیر حضرات کی جانب سے فساد متاثرین کو دیا گیا، اسی طرح متحدہ مجلس عمل کے ارکان نے بھی ذاتی طور پر تعاون پیش کیا۔
مذکورہ رقم وفد نے مولانا ایوب ، مولانا ہاشم نمائندہ مفتی راشد قاسمی روح رواں و شیخ الحدیث دارالعلوم محمدیہ میل کھیڑلا راجستھان، مولانا احمد قاسمی ، مولانا امجد قاسمی ، مولانا حسن وغیرہ کی موجودگی میںمتاثرین کے درمیان تقسیم کی۔اس موقع پر شیر شاہ اعظم نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو فسادات کے بعد بے روزگار ہوگئے،ان کے سامنے بڑے سخت حالات پیدا ہوگئے، اسی لئے فساد متاثرین سے ملنے اور راحت رسانی کے لئے یہ وفد نوح پہنچا تاکہ متاثرین کی کچھ دلجوئی ہوسکے اور وہ پہلے کی طرح اپنے گھروالوں کا پیٹ بھر سکیں اوران کے لئے دیگرضروریات زندگی کے سامان کا انتظام کرسکیں۔
مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے کہا کہ کچھ دنوں قبل جب ہم نے یہاں کا دورہ کیا تو محسوس ہوا کہ نوح و میوات فسادات میں متوسط اور غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،روزہ مرہ کے کرنے کھانے اور ریہڑے ٹھیلہ والے غریبوں کوفسادات کے دوران زیاد نقصان ہوا ہے۔ ان لوگوں کا سب کچھ تباہ ہو گیااور فسادات کے بعد ان کی آمدنی کا ذریعہ بھی بند ہو گیا ہے، اسی لئے یہ امداد متاثرین کو راحت دینے کے لئے متحدہ مجلس عمل نے پیش کی۔انھوں نے عوام و خواص سے آپسی میل جول،بھائی چارہ اور امن وشانتی کے ساتھ رہنے کی تلقین کی ،کیونکہ امن وشانتی کے ساتھ رہنے ہی میں ملک وملت اور انسانیت کی ترقی اور بھلائی ہے۔
وفد میں حاجی عرفان ، حافظ سعید کتب خانہ اختری ، مولانا عزیزاللہ ندوی ناظم ادارة الصدیق بہٹ ، مولانا شاھد مظاھری ناظم فلاح دارین ، حاجی عبدالکریم لوہے والے ،جمعیة علماءہند کی مجلس منتظمہ کے رکن مولانا شمشیر قاسمی قاری شوقین الحسنی ، مفتی عمیر مظاھری ، عمران اللہ خان ، مولانا اکبر ، محمد محترم ، حافظ ابراھیم رحمتی ، حافظ عبدالباطن مغیثی ، محمد ساجد وغیرہ شامل رہے۔
0 Comments